طلباء کا احتجاج

اساتذہ کی عدم تعیناتی کے خلاف طلباء کا احتجاج

جہلم لائیو(احسن وحید):اساتذہ کی عدم تعیناتی کے خلاف طلباء کا احتجاج ، روڈ بلاک ،تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کالج رسول پور کے طلباء نے اساتذہ کی عدم تعیناتی کے خلاف گزشتہ روز کالج کے باہر احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈائریکٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجزکے خلاف شدید احتجا ج کیا .

طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ سے زائد شعبہ جات کے لئے ایک پروفیسر تعینات ہے امتحانات شروع ہونے والے ہیں لیکن انگلش اور اردو جیسے بنیادی مضامین کو پڑھانے کے لئے ایک بھی پروفیسر تعینات نہیں پرنسپل کے علاوہ کالج کی تمام سیٹیں خالی ہیں جبکہ پچھلے دو ہفتے سے پر امن احتجاج کر رہے ہیں لیکن تعلیم دشمن افسران کے کان پر جوں تک نہیں رینگی.

طلباء نے ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر کالجز کے خلاف شدید نعرے بازی کی احتجاج کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ملک محمد اعجاز ، ایس ایچ او ڈومیلی رانا زاہد نفری سمیت موقعہ پر پہنچ گے اور اے سی سوہاوہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور انہیں یقین دلایا کہ آئندہ تین سے چار دن تک پروفیسرز تعینات کر دیے جائینگے اے سی سوہاوہ کی یقین دہانی پر طلباء نے احتجاج ختم کیا.

یاد رہے کہ ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے واحد ڈگری کالج سوہاو ہ میں بائیس شعبہ جات کے لئے صرف تین پروفیسر تعینات ہیں جبکہ سوہاوہ کے نواحی علاقہ ڈومیلی کے واحد کالج میں پندرہ سے زائد شعبہ جات کے لئے ایک پرنسپل کے علاوہ کوئی بھی پروفیسرز تعینات نہیں جس کی وجہ سے طلباء کا تعلیمی سال ضائع ہو چکا ہے اور امتحانات کے لئے داخلہ بھیجنے کا عمل شروع ہو چکا ہے طلباء کالجز میں پڑھائی نہ ہونے کی وجہ سے سخت پریشان ہیں جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر کالج اور ڈائریکٹر کالجز کو متعدد بار کالجز انتظامیہ کی طرف سے لیٹر لکھے گے لیکن افسران کی عدم دلچسپی اور لاپرواہی کی وجہ سے طلباء کا تعلیمی سا ل ضائع ہو چکا ہے ۔طلباء کے والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ طلباء کے مستقبل سے کھیلنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے.

اپنا تبصرہ بھیجیں