سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین کی جہلم لائیو سے گفتگو.
عمران خان کی لدھڑ آمد کے بعد مخالفین بوکھلا چکے ہیں.
ایوب خان کے دور حکومت سے دباؤ برداشت کرتے چلے آرہے ہیں.
انتظامی دہشت گردی سے لدھڑ خاندان کو ہراساں نہیں کیا جا سکتا.
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے سابق ضلع ناظم اور انکی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد لدھڑ خاندان کے بزرگ سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے اپناردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لدھڑ خاندان نے قیام پاکستان سے قبل سیاست کی وادی میں قدم رکھا.اور خصوصی طورپر ایوب خان کے مقابلے میں محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت کے بعدسیاسی و انتظامی دباؤ برداشت کرتے آرہے ہیں.
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی لدھڑ آمد کے بعد ہمارے مخالفین بوکھلا چکے ہیں. اس لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں.
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اشارے پراینٹی کرپشن کے مقدمات کے ذریعے لدھڑ خاندان کو ہراساں کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے.
چوہدری شہباز حسین نے کہا کہ انتظامی دہشت گردی کے ذریعے چوہدری فرخ الطاف اور انکی اہلیہ کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کرا کے ہمارے مخالفین نے اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا ہے. تاہم قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ہم ان مقدمات کا سامنا کریں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جدوجہد میں ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے چاہے اس کی قیمت کچھ بھی ادا کرنی پڑے.