اور استاد ریٹائر ہو گیا۔۔۔۔
جہلم لائیو(ایجوکیشن ڈیسک):جہلم کا ایک اور استاد ریٹائر ہو گیا۔
معروف ماہر تعلیم اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد سکول سے الوداع ہو گئے۔
اس موقع پر ای شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جہلم کے معروف ماہر تعلیم اور ٹرینر محمد نذیر کیانی سالہا سال تک شعبہ تعلیم میں تدریس کی خدمات سرانجام دینے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔
اپنی مدت ملازمت کے اختتام پر وہ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول پکھوال خاص میں ہیڈ ماسٹر کی خدمات سرانجام دے رہے تھے،چنانچہ سکول انتطامیہ اور ساتھی اساتذہ کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے شرکا ء میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری جہلم عبدالحفیظ،ڈی ای او جہلم راؤ عبدالکریم،ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز راجہ زبیر جنجوعہ،اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر فزیکل میاں محمد شبیر اور یاسر عباس کے علاوہ علاقہ بھی سے کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
مقررین نے اپنے اپنے انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے الوداع ہونے والے استاد کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر محمد نذیر کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استاد کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء اور معاشرے کی تربیت بھی کرنی چاہیے،جس سے ہماری سوسائٹی میں حقیقی معنوں میں انقلاب رونما ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کی تعلیم کے لئے اسباب فراہم کرنے ہوں گے تاکہ ہمارے طلباء تعلیم کے میدان میں دنیا کا مقابلہ کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء کو ظہرانہ دیا گیا۔