جہلم لائیو( عامر کیانی) : برطانوی نژاد پاکستانی شہری کو بیوی نے موت کے گھاٹ اتار دیا ، مقتول کے بیٹے حصول انصاف کے لئے ڈی پی او دفتر پہنچ گئے ، قاتل بیوی فرار ہونے میں کامیاب ، آخری اطلاعات تک مقدمہ درج نہیں ہوسکا، مقتول کے بیٹوں نے برطانوی سفارت خانے سے رجوع کر نے کا فیصلہ کر لیا، تفصیلات کے مطابق برطانوی نژاد پاکستانی شہری فاروق احمد بٹ ولد محمد ظہور احمد بٹ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سائل اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ برطانیہ میں مقیم ہے سائل کا آبائی گھرفضل آباد کشمیر کالونی میں واقع ہے ، سائل کے والد محمد ظہور احمد بٹ ہمراہ سائل کی سوتیلی ماں روبینہ کوثر دختر محمد رمضان سکنہ مکان نمبر130 شورا کوٹھی گلبرک II لاہور آبائی گھر فضل آباد میں مقیم تھے ، 31 دسمبر 2016 ء کو سائل کے قریبی دوست نے بذریعہ فون اطلاع دی کہ آپ کے والد گزشتہ روز وفات پاگئے تھے ، اس طرح سائل واقعہ کی اطلاع ملتے ہی یکم جنوری کو پاکستان پہنچا تو گھر میں موجود تمام قیمتی سامان جو لاکھوں روپے مالیت کا تھا غائب تھا سائل نے سوتیلی والدہ سے دریافت کیا تو اس نے ٹرخا دیا، اس طرح سائل کے والد کی رسم قل 3 جنوری کو ادا کی گئی، شام 5 بجے روبینہ کوثر دختر محمد رمضان جو کہ سائل کی سوتیلی ماں ہے اپنی والدہ اور ہمشیرہ کے ساتھ غائب ہو گئی، سائل کا والد بھی برطانوی نیشنلٹی ہولڈر ہے ، سائل کے والد کا یو کے پاسپورٹ ، ڈرائیونگ لائسنس و اسلحہ 30 بور پسٹل، 12 بور رائفل اور ہمارا گھریلو سامان جس میں الیکٹرونکس مصنوعات شامل ہیں گھر سے غائب ہیں ، ہمارے ساتھ سخت ظلم و زیادتی ہوئی ہے .
ہماری سوتیلی ماں نے ہمارے والد کو زہر دیکر قتل کیا ہے ، انصاف فراہم کیا جائے ، فاروق احمد بٹ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کو تحریری درخواست دے رکھی ہے تاحال پولیس نے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی ، متاثرہ برطانوی نژاد پاکستانی شہری فاروق احمد بٹ نے ڈی پی او جہلم سے مقدمہ درج کرنے اور ملزمہ کو گرفتار کرکے تفتیش کروانے کا مطالبہ کیا ہے