بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی اندھیر نگری ، چوپٹ راج ، دارالامان کی بلڈنگ کاغذات میں مکمل کرکے کروڑوں کی ادائیگی کردی .
ٹھکیدار بلڈنگ کا 40فی صد کام چھوڑ کر غائب.
محکمہ بلڈنگ نے اعلی حکام کو بلڈنگ مکمل ہونے کا لیٹر لکھ کر اعلی افسران کی آنکھوں میں دھول جھونک دی .
شہریوں کا شدید احتجاج، وزیر اعلی پنجاب سے فوری توجہ کا مطالبہ.
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر میں دارالامان کی اپنی بلڈنگ نہ ہونے سے کرائے کی بلڈنگ کو استعمال کیا جا رہا ہے .
دارالامان کی سرکاری بلڈنگ تیار کرنے کیلئے کروڑوں روپے کا ٹھیکہ دے کر اسلامیہ سکول کے قریب جگہ مختص کر دی گئی .
جس پر متعلقہ ٹھیکیدار نے کام شروع کر دیا لیکن کرپٹ محکمہ بلڈنگ کے افسران کی بھر پور مدد اور پشت پناہی سے ٹھیکیدار نے بلڈنگ مکمل کئے بغیرہی جون 2017میں تمام بقایا رقوم کا بل بنا کر افسران کی مبینہ ملی بھگت سے پاس کروا لیا اور تمام رقوم لے کر غائب ہو گیا .
اس دوران بل پاس کرنے کے ذمہ داران میں سے کسی افسر نے بلڈنگ کے تعمیراتی کام کی نگرانی کرنے کی زحمت نہ کی ،اور بلڈنگ کا ڈھانچہ بنا کر بل وصول کرکے ٹھیکیدار کے خلاف کاروائی کی بجائے محکمہ سوشل ویلفیئر کو بلڈنگ کے مکمل ہونے کا لیٹر بھی لکھ دیا.
اس حوالے سے دارالامان کے ذرائع کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے ٹھیکیدار کو30جون تک کا م مکمل کرنا تھا لیکن اس نے کام تو مکمل نہ کیا البتہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے جعلی لیٹر بنوا کر بلڈنگ کو کاغذوں میں مکمل کر دیا اور بل وصول کرلیا جس کے بعد اب تین ماہ سے کام بھی بند کر دیا ہے۔
دوسری طرف محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے 30جون کے بعد موجود کرائے کی بلڈنگ کا کرایہ اور دیگر اخراجات بھی بند کر دئیے گئے ہیں جس سے دارالامان کے معاملات بری طرح متاثر ہو ئے ہیں .
شہریوں نے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی مبینہ ملی بھگت یا حصہ داری پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ خلاف قانون ادائیگی کرنے والے افسران اور کام ادھورا چھوڑنے والے ٹھیکیدار کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور دارالامان کی بلڈنگ کو جلد از جلد مکمل کروایا جائے