بیوروکریسی اور میڈیا

بیوروکریسی اور میڈیاکا کردار

بیوروکریسی اور میڈیاکا کردار.

ہمارے معاشرے میں ہر آدمی ہر کام کر سکتا ہے،اگر نہیں کر سکتا تو اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر سکتا.
گزشتہ کچھ دنوں سے ایک ویڈیو کافی وائرل ہو رہی ہے،جس میں ایک شخص شعبہ صحافت کی نئی ایجاد ہونے والی فنکاری یعنی نیوز اینکر (News Anchor)کا کردار ادا کر رہا ہے،اور موقع پر موجود خاتون اسسٹنٹ کمشنر جہلم کے ساتھ گاڑی سے اترنے یا نہ اترنے پر بحث کر رہا ہے،اس دوران مذکورہ خاتون کے بارے میں جو الفاظ وہ استعمال کر رہا ہے،اس زبان و بیاں کو داد دینے کو جی چاہتا ہے۔

دراصل اس شخص کا کوئی قصور نہیں ہے،جہاں صحافت کو برادری سمجھا جاتا ہو،جہاں کوئی شخص کسی تعلیمی اور اخلاقی بیک گراؤنڈ کے بغیر کیمرہ اور مائیک سے لیس ہو کر کسی بھی بالا خانے پر اتر سکتا ہو،جہاں کسی صحافی کی نوسری اور نوٹنکی کے خلاف شکایت درج کرانے کے لئے کوئی مضبوط پریس اینڈ پبلیکیشن کمیشن موجود نہ ہو،اور اوپر سے اس شخص یا ٹیم کا یہ دعویٰ بھی ہو کہ ان کے پاس انتظامیہ کی طرف سے اجازت کا پروانہ ہے،گویا انتظامیہ نے انہیں کھلی چھٹی دے دی ہو تو ایسی صورتحال میں کسی صحافی کو مورد الزام ٹھہرا کر آپ کیا کر لیں گے۔

دوسری طرف ایک خاتون اسسٹنٹ کمشنر ہیں،جو سول بیوروکریسی کی نمائندگی کرتی ہیں،ان کے کام کے بارے میں بات ہو سکتی ہے،بیوروکریسی یا افسر شاہی میں آج بھی ہزاروں خامیاں ہیں،راقم الحروف ذاتی طور پر بیوروکریسی کی بدمعاشی اور بد دیانتی کا عینی شاہد ہے کہ کیسے مختلف سرکاری دفاتر میں دن بھر عوام کی تضحیک کی جاتی ہے اور وہ کس کرب اور دکھ سے گزرتے ہیں،یہ تمام باتیں اپنی جگہ صحیح ہو سکتی ہیں،لیکن یہ اس وقت موضوع نہیں ہے،ابھی صحافی کے کردار کی بات ہو رہی ہے،جس نے عوامی مسئلے کو اجاگر کرنے کے نام پر ایک خاتون سرکاری افسر کی ذات پر مختلف فقرے کسے،اور ایک نان ایشو کو ایشو بنا کر ہیرو بننے کی کوشش کی ہے جس کوکسی طرح سراہا نہیں جا سکتا۔

جب آپ کسی عوامی مسئلے کی بات کرتے ہیں تو آپ کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے،بلکہ صبر کا دامن کسی طور پر بھی ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے،اس واقعہ کو دیکھا جائے تو وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد جس عوامی مسئلے پر یہ پروگرام کیا جا رہا تھا،وہ کہیں چھپ کر رہ گیا ہے،سب لوگ اس وائرل ویڈیو پر ہی بحث کر رہے ہیں،بہرحا ل صحافت کو ریٹنگ اور اپنی پروجیکشن کا اوزار بنانے کی بجائے اگر اسے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے استعمال کیا جائے تو یہ معاشرے کے لئے کافی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں