تحصیلدار دفتر کے ملازمین نے لوٹ مار کی انتہا کر دی

جہلم لائیو ( محمد امجد بٹ): تحصیلدار دفتر کے ملازمین نے لوٹ مار کی انتہا کر دی، تحصیلدار ، نائب تحصیلدار کے نام پر ریڈر ، نائب قاصد ، چوکیدار سب اندھا دھند کمائی کرنے لگے، سائلین کے ساتھ انتہائی بدتمیزی سے پیش آنے والے کرپٹ عملہ کے خلاف اے سی جہلم ضیغم نواز سے شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ، جہلم شہر میں جہاں مختلف محکموں میں کرپشن کا بازار گرم ہے وہیں تحصیلدار مسعود ندیم بھرتھ کے دفتر میں لوٹ مار کی نئی داستانیں رقم کی جارہی ہیں محکمہ مال کے مختلف کاموں کیلئے آنے والے سائلین کو دفتر داخل ہوتے ہی کلاس فور کے بدمعاشوں سے واسطہ پڑتا ہے جو سائلین کے ساتھ انتہائی بدتمیزی اور غنڈہ گردی سے پیش آتے ہیں البتہ ہزار دوہزار روپے مٹھی میں پکڑانے والوں کو چائے پانی بھی پیش کیا جاتا ہے اور ان کا کا م بھی بغیر اعتراض ہو جاتا ہے ۔ جبکہ تحصیلدار آفس کے کلرک ، ریڈر بھی شہریوں کو کئی کئی گھنٹے بٹھا کر اپنے کاموں میں مگن رہتے ہیں ، مختلف کیسوں میں بیانات ریکارڈ کروانے کیلئے آنے والے افراد خصوصا خواتین کو باہر گرمی میں بٹھا دیا جاتا ہے اور کبھی تحصیلدار غائب ہو جاتا ہے کبھی نائب سیٹ پر نہیں ملتا ہے ۔تحصیلدار آفس میں تعینات چپڑاسی بھی ہزاروں روپے کمانے کے چکر میں شہریوں سے ساز باز کرتے نظر آتے ہیں اور خرچہ نہ دینے والوں کے کاغذات پر بے جا اور خو دساختہ اعتراضات لگا کر ذلیل وخوار کیا جاتا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے محکمہ مال کے اہلکاروں پر چیک اینڈ بیلنس کا کوئی انتظام نہیں ہے ، محکمہ کے سربراہ اے سی جہلم ضیغم نواز سے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تجاوزات ختم کروانے کی بجائے اپنی ناک کے نیچے محکمہ مال میں کرپشن ختم کروائیں تاکہ شہری اپنے کاموں کیلئے ذلیل وخوار اور ہزاروں روپے نذرانہ لینے والوں سے بچ سکیں

اپنا تبصرہ بھیجیں