تھانہ منگلا کی حدود سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد۔
متوفی کی موت چند روز قبل وقوع پذیر معلوم ہوتی ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے لی۔
تاحال متوفی یا مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی۔
بہت جلد حقائق تک پہنچ جائیں گے،پولیس کا موقف
تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ منگلا کی پولیس کو گزشتہ روز کسی شخص نے اطلاع دی کے موضع کرلہ کے قریب جنگل میں ایک نامعلوم شخص کی لاش پڑی ہوئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق لاش کو دیکھ کر معلوم ہو رہا تھا کہ اس کی وفات چند روز قبل ہوئی ہے۔
لاش مبینہ طور پر برہنہ حالت میں ملی،متوفی یا مقتول کی سفید ڈاڑھی تھی،اور ہلکے سبز رنگ کی شلوار پاس سے ملی،یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ لاش کسی حد تک جلی ہوئی محسوص ہو رہی تھی۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ لاش کے قریب سے کسی قسم کی شناختی دستاویز نہیں ملی،جس سے اس کے بارے میں معلوم ہو سکے کہ وہ کون تھا۔
پولیس نے موقع پر موجود شہریوں سے تفتیش کی،مگر کسی نے اس کی شناخت نہ کی،بعد ازاں اہلیان علاقہ سے بھی پڑتال کی گئی ،تاہم کوئی بھی شناخت کے لئے سامنے نہیں آیا،لہذا تھانہ منگلا کی پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر ضروری کاروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا، اور تفتیش شروع کر دی۔
جب متعلقہ پولیس سے اس حوالے سے جاننے کی کوشش کی گئی تو پولیس کا موقف تھا کہ تفتیش جاری ہے،جب حقائق سامنے آئیں گے،تو میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا جائے گا.
یاد رہے کہ مذکورہ لاش تھانہ منگلا سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر موضع کرلہ کے قریب پہاڑی علاقے سے ملی،جہاں بہت کم لوگوں کا آنا جانا ہوتا ہے۔