جشن عید میلاد النبی ﷺ

جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پرجہلم شہر یارسول اللہ کے نعروں سے گونج اٹھا،

جہلم لائیو ( بیورو رپورٹ ) جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پرجہلم شہر یارسول اللہ کے نعروں سے گونج اٹھا،
گلی گلی چراغ، آرائش ، جلسے ، جلوس، نیازیوں کا انبار، سبیلوں کی برسات، ہر چہرہ چمک اٹھا، گھر ، گلیاں ،موٹر سائیکل ، گاڑیاں ہر چیز سج دھج گئی،

پولیس کی سخت سیکورٹی ، ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ پوری عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، علی الصبح شہر بھر کی مساجد میں ولادت باسعادت کے وقت درود سلام کے نذرانے پیش کئے گئے .
جس کے بعد عاشقان مصطفی ہرگلی ، کوچے سے سج دھج کر عید میلاد کے مبارکبادی بینر ، پوسٹر، فلیکس اوربیج لگائے نکل کھڑے ہوئے شہر بھر کی مساجد سے نکلنے والے قافلے مرکزی دارالعلوم اہلسنت وجماعت پہنچے جہاں سے صدر سنی علما کونسل صوفی اسلم نقشبندی کے ہمراہ علامہ خالد جلالی، علامہ ذکاء اللہ سعیدی ، قاری مظہر، علامہ رمضان جلالی ، حافظ اظہر اقبال، فرزان اقبال، حافظ ظفر نقشبندی، قاری ظفر ، حافظ مجتبٰی ، حافظ سعید، پیر سید خلیل شاہ کاظمی، حافظ غلام عباس، حافظ جبار اور دگیر علما کی قیادت میں مرکزی جلوس کی شکل میں شاندار چوک پہنچے جہاں علما ء کرام نے خطاب کیا اور ریبع الاو ل شریف کی برکات پر روشنی ڈالی،

جس کے بعد جلوس روایتی راستوں سے گزرا جہاں راستوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکاء کیلئے گوشت چاول، مٹھائی، سبز چائے ، نا ن حلوہ اوردیگر سوغاتوں کا انتظام کر رکھا تھا جس سے شرکا ء کی بھر پور تواضع کی گئی جس کے بعد مین بازار سے میلاد چوک پہنچا جہاں مرکزی جلسے کیلئے سٹیج تیار کیا گیا تھا جلوسوں میں شریک شرکاء جن میں بچے بڑے اور بزرگوں کی بھاری تعداد شامل تھی جشن آمدرسول اللہ ہی اللہ ، سرکار کی آمد مرحباکے نعرے بلند کرتی رہی،

شہری ایک دوسرے سے گلے مل کر عید میلاد کی مبارکبادیں دیتے رہے، شہریوں نے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں ، ٹرکوں ، ٹرالیاں کو منفرد انداز میں سجا رکھا تھا ۔

میلاد چوک میں مرکزی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں معروف عالم دین علامہ غلام بشیر نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن عید وں کی عید ہے اور سنیوں کی امن پسندی کا منہ بولتا ثبوت بھی کہ ہزاروں افراد محلوں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے لیکن امن و امنا کو کوئی خطرہ نہیں یہی اصل دین اور تعلیمات رسول پاک ہیں انہوں نے کہا کہ ابلیس کے پیروکار کہتے ہیں کہ میلاد منانا کہاں سے ثابت ہے .

انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی پیدائش کی خوشی میں کافر ابولہب نے اپنی لونڈی کو آزاد کرکے خوشی منائی اور قیامت تک اس انگلی سے اس کو ٹھنڈا میٹھا پانی قبر میں بھی ملتا رہے گا منکرین میلاد تو ان کفار مکہ سے بھی بڑھ گئے ہیں .
علامہ غلام بشیر نے کہا کہ جن لوگوں کی پیروی میں نام نہاد مسلمان میلاد نہیں مناتے تھے اس سال تو ان سعودیوں کے دلوں کا زنگ بھی اتر گیا ہے اب تو وہاں بھی میلاد منایا جانے لگا ہے اس موقع پر صدر سنی کونسل صوفی اسلم نے کہا کہ آج خوشی کا دن کا ہے سب مسالک ہمارے لئے محترم ہیں ہمارا مسلک ہٹ دھرمی، لڑائی جھگڑے کے خلاف ہے عید کے دن ویسے بھی سب کو معاف کر دینا چاہئیے.

علامہ خالد جلالی نے کہا کہ رب کریم نے خود کہہ دیا کہ جب مومنوں کو نعمت دی جائے تو اس کا خوب چرچا کرو نبی ﷺ سے بڑی کیا نعمت ہو گی ۔ میلاد پاک کی برکت سے دنیا و آخرت کی برکتیں حاصل ہوتی ہیں اور میلاد منانے سے دلوں سے دنیا کی حرص و ہوس کم ہوتی ہے .

سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم کی جانب سے حسب سابق گھوڑوں پر عید میلاد کا جلوس نکالا گیا اور شہر بھر میں چکر لگانے کے بعد یہ جلوس ختم ہوا۔ آخر میں مختلف علما ء کرام نے خطاب کیا اور ملکی سلامتی خوشحالی اور امن امان کے لئے دعائیں کی گئیں نقیب محفل حافظ اظہر اقبال نے ضلعی انتظامیہ ، ڈی سی ، اے سی ، ڈی پی او اورمتعلقہ ایس ایچ اوز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جلوسوں کو مکمل سیکورٹی دی ۔

مرکزی جلسہ کے بعد شام کو بعد نماز عشاء شاندار چوک میں بھی ایک بڑا جلسہ منعقد کیا گیا جس میں مولانا انور قریشی نے خصوصی خطاب کیا ۔جبکہ مقدس اوراق کی حفاظت پر مامور تحریک عظمت قرآن کے زیر اہتما م مشین محلہ نمبر 2میں خصوصی محفل منعقد ہو ئی جس میں تحریک کے مبلغ صغیر نقشبندی نے خطاب کیا ۔

1 (7)

عید میلاد النبی ﷺ پر بہترین آرائش کرنے پر محلہ مجاہد آباد کا پہلا نمبر، مساجد میں جامع مسجد بسم اللہ اول قرار پائی، عید میلاد النبی ﷺ پر عاشقان مصطفی ﷺ کی جانب سے گھروں، مساجد اور دفاتر کو سجانے کا مقابلہ شروع ہو جاتا ہے اسی سلسلہ میں سنی علما ء کونسل کی جانب سے گزشتہ روزشاندار چوک میں منعقدہ عید میلاد کے جلسہ میں بہترین آرائش پر انعامات کا اعلان کیا گیا ،

جنر ل سیکرٹری سنی علما کونسل قاری ظفر نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ عید میلاد پر بہترین آرائش پر محلہ مجاہد آباد کو پہلا انعام دیا گیاجبکہ دوسرا نمبر محلہ پیرا غیب اور تیسرا محلہ سلیمان پارس جبکہ خصوصی انعام شمالی محلہ نے حاصل کیا، مساجد کی بہترین اور خوبصورت سجاوٹ کرنے پر حسب سابق جامع مسجد بسم اللہ مجاہد آباد اول ، جامع مسجد نور جادہ دوئم اور جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات سوئم قرار پائے، اسی طرح گھروں کی بہترین آرائش پر شکیل ڈیجیٹل لیبارٹر ی کو پہلا ، ملک زاہد ہاو س کو دوسرا، چوہدری وسیم ہاوس کو تیسرا انعام دیا گیا، سنی علما کونسل کے مرکزی رکن مولانا خالد جلالی نے انعامات تقسیم کئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں