ارب پتی

جہلم شہر میں ارب پتی ڈاکٹر، روزانہ لاکھوں کمائی ، ٹیکس نہ ہونے کے برابر

جہلم لائیو(بیورورپورٹ ) جہلم شہر میں ارب پتی ڈاکٹر، روزانہ لاکھوں کی کمائی ، ٹیکس نہ ہونے کے برابر، ایف بی آر ڈاکٹر مافیا کے اثاثے اور آمدن چیک کریں تو اربوں کاٹیکس جمع ہوسکتا ہے شہریوں کامطالبہ،

تفصیلات کے مطابق ملکی خزانے کی دن بدن خستہ حالی کے باوجود پاکستان میں ایک ایسا شعبہ بھی ہے جو روزانہ لاکھوں روپے کی دیہاڑی لگاتا ہے اور دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے بعد حکام کو آنکھیں بھی دکھاتا ہے
یہ شعبہ صحت ہے ضلع جہلم میں چند سال تک کرائے کے مکانوں اور بسوں کی چھتوں پر بیٹھنے والے ڈاکٹرز چند ہی سال میں ارب پتی بن چکے ہیں
خصوصی طور پر سرکاری شعبہ میں کام کرنے والے حکومت سے لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ لینے کے باوجود کام نہ کرنے کے عہد پر قائم ہیں جبکہ یہی ڈاکٹر اپنے نجی ہسپتالوں اور کلینک میں روزانہ لاکھوں روپے کماتے نظرآتے ہیں.

حکومتی چھوٹ کافائدہ اٹھاتے ہوئے ہر ڈاکٹر نے اپنی لیبارٹری ، میڈیکل سٹور بنا رکھا ہے کروڑوں روپے بجٹ والا سول ہسپتال جہاں ہر مشینری خراب کردی جاتی ہے تاکہ مریضوں کو نجی لیبارٹریز میں بھیج کر لوٹا جاسکے،

شہریوں کاکہنا ہے کہ ایف بی آر چھوٹے موٹے دوکانداروں ، کاروباری افراد کا گھیراتنگ کئے ہوئے ہے لیکن بڑی مچھلیوں اور مگرمچھوں کو کھلی آزادی دی گئی ہے صرف ضلع جہلم کے ڈاکٹرز کی ماہانہ کمائی کئی کروڑ تک جاتی ہے اور ہر ڈاکٹر نے کروڑوں کے نجی ہسپتال اور کلینک اور پلازے بنا رکھے ہیں.

اگر ایف بی آر اپنے انٹیلی جنس ونگ کے ذریعے تحقیقات کرئے تو کروڑوں روپے کا اضافی ٹیکس بآسانی حاصل کیا جاسکتا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کے ذرائع آمدن جس میں میڈیکل کمپنیوں سے ملی بھگت کرکے بھاری مفادات حاصل کیئے جاتے ہیں کی بھی تحقیقات کرکے ان کے اصل چہرے عوام کے سامنے لائے جائیں ،
ذرائع کے مطابق جہلم اس وقت ڈاکٹرشہر بن چکا ہے،جہلم میں بسلسلہ ملازمت آنے والے ڈاکٹروں میں سے مشکل سے دس فی صد واپس جاتے ہیں،دیگر اسی شہر میں مستقل رہائش اختیار کر لیتے ہیں،

اپنا تبصرہ بھیجیں