جہلم میں بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں حلقہ بندیوں کا آغاز ہو گیا۔
ابتدائی فہرست 10فروری کو آویزاں کی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی جہلم لائیو سے خصوصی گفتگو۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جہلم غلام عباس نے جہلم لائیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں جہلم میں بلدیاتی الیکشن سے قبل حلقہ بندیوں کا آغاز ہو چکاہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حلقہ بندیاں نئے بلدیاتی آرڈیننس 2021کے تحت ہو رہی ہیں،جس میں یونین کونسل کی بجائے دیہی علاقوں میں ویلج کونسل جبکہ شہری علاقوں میں نیبرہڈ کونسل بنائی جارہی ہیں۔
انہوں نے حلقہ بندیوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کی خصوصی کمیٹی متعلقہ قانون کے مطابق حلقہ بندیاں کر رہی ہے،اگر اس کی تاریخ بڑھائی نہ گئی تو 10فروری 2022کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس جہلم میں ان حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست آویزاں کر دی جائے گی۔
غلام عباس نے بتایا کہ ابتدائی فہرست آویزاں ہونے کے بعد 15دن کے اندر اعتراضات ریجنل الیکشن کمشنر آفس راولپنڈی میں جمع کرائے جا سکیں گے۔
اس کے بعد اعتراضات پر فیصلے کیے جائیں گے۔
اگر الیکشن کمیشن کی طرف سے نئے ہدایات نہ ملیں تو 22مارچ کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست آویزاں کر دی جائے گی۔
بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کے بارے میں سوال پر ضلعی الیکشن کمشنر نے کہا کہ انہیں اس بارے میں حکام بالا سے کوئی ہدایت نہیں ملی۔
ووٹوں کی تصدیق کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا شیڈول جاری ہوا تو ووٹوں کی تصدیق کاعمل رک جائے گا۔