اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف جہلم عمران احمد نے کہا ہے کہ ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں جنگلی حیات کے شکار پر مکمل پابندی عائد ہے، اگر کوئی شخص غیر قانونی شکار کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف محکمانہ وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کی غیر قانونی شکار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر تصویر یا ویڈیو منظر عام پر آئی تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، شہری غیر قانونی شکار کھیلنے والوں کی نشاندہی کریں تاکہ ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف نے بتایا کہ قدرتی ماحول کی بقاء کے لیے جنگلی حیات کا تحفظ بہت ضروری ہے، جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے حکومت کی پالیسی بھی واضح ہے جس کے تحت غیر قانونی شکار پر مکمل پابندی ہے۔
ضلع جہلم میں گزشتہ چار ماہ کے دوران غیر قانونی شکار پر محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے 80 چلان کے تحت 8 لاکھ روپےجرمانہ کیا گیا ہے۔