جہلم میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ۔
پانچ افراد نے دیوار پھلانگ کر زیادتی کی،متاثرہ خاتون کا الزام۔
پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی۔
مرکزی ملزم سمیت دو ملزمان گرفتارکر لئے گئے۔
آـی جی پنجاب کا واقعہ کا نوٹس۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر جہلم میں گوجر خان سے تعلق رکھنے والی مسمات س نے درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ ارسل ٹاون لوٹا موڑ پر رہائش پذیر ہے، گزشتہ رات پانچ افراد جس میں ایک ان کا محلے دار رکشہ ڈرائیور بھی تھا ،وہ رات دو بجے زبردستی دیوار پھلانگ کر ان کے گھر گھس آئے ۔
درخواست دہندہ نے مزید بتایا کہ ان ملزمان نے جو اسلحہ سے لیس تھے ،اس کے خاوند کو رسیوں سے باندھ دیا،اور باری باری اس سے زیادتی کی۔
پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ خاتون کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں میڈیکل ٹیسٹ کرایا۔
دریں اثناء میڈیا پرواقعہ رپورٹ ہونے کے بعد آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے اس دلخراش واقعے کا نوٹس لے لیا،اور جہلم پولیس کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا.
آئی جی پنجاب کی ہدایات کے بعد پولیس تھانہ صدر جہلم نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی ملزم رکشہ ڈرائیورعلی رضا سمیت دو ملزمان کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان نے زیادتی کیس کے حوالے سے مزید بتایا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ،بہت جلد تمام ملزمان قانون کے کٹہرے میں ہوں گے،اور متاثرہ خاتون کو ترجیحی بنیادوں پر انصاف مہیا کیا جائے گا.
دوسری جانب شہریوں نے جہلم لائیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم ایک پرامن شہر ہے،اس شہر میں اجتماعی زیادتی کا کیس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے،اس لئے اس کیس کو جلد از جلد اپنے منطقی انجام پر پہنچا کر ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے.