جہلم میں ’’میڈیکل کالج بناؤ تحریک‘‘ کا آغاز

جہلم لائیو( نامہ نگار)جہلم شہر میں میڈیکل کالج وقت کی اہم ضرورت ہے ، کالج نہ ہونے کیوجہ سے جہلم سے میڈیکل کے طلباء دوسرے شہروں میں جانے پر مجبور ہیں یہ بات پاکستان اکیڈیمی آف فیملی فزیشن (رجسٹرڈ) کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹرعبدالغفور ملک نے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کہی ، پاکستان اکیڈیمی آف فیملی فزیشن کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہواجس میں تمام ممبران نے متفقہ طور پر قرار داد پیش کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا کہ ضلع جہلم میں فوری طور پر میڈیکل کالج قائم کیاجائے جس کانام پوٹھوہار میڈیکل کالج رکھا جائے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل کالج بناؤ مہم کے بانی ڈاکٹر عبدالغفور ملک نے کہا کہ ضلع جہلم کی شرح خواندگی پنجاب میں سب سے بہترین ہے ، لیکن ضلع جہلم کے درجنوں طلباء و طالبات کو میڈیکل کالج کی سہولت میسر نہ ہونے کیوجہ سے طالبعلموں کو دوسرے شہروں میں داخلہ کیلئے رجوع کرنا پڑتا ہے جبکہ مقامی طور پر سہولت نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر بچے میڈیکل کا شعبہ چھوڑ کر دیگر شعبوں میں چلے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کے کم و بیش 5 سو سرکاری و پرائیویٹ ڈاکٹرز اس میڈیکل کالج میں اعزازی طور پر اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے رضاکارانہ طور پر تیار ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ میڈیکل کالج کے لئے اراضی مختص کرنے کے لئے جہلم کے مخیر حضرات ہمہ وقت تیار ہیں ، میڈیکل کالج بناؤ مہم کے بانی ڈاکٹر عبدالغفور ملک اور جہلم کے شہریوں نے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم جو کہ چکوال، منڈی بہاوالدین، پنڈدادنخان ، سرائے عالمگیر، کے عین وسط میں واقع ہے میں میڈیکل کالج کی منظوری کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ ضلع جہلم اور ملحقہ اضلاع کے سینکڑوں بچے بچیاں میڈیکل کالج میں داخلہ لیکر وطن عزیز کی خدمت کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں