جہلم میں ڈاکوؤن نے اس سال کا سب سے بڑا ریکارڈ قائم کر دیا۔
سیمنٹ کے تاجر سے کروڑوں روپے لوٹ کر فرار۔
آئے روز ڈکیتی کی وارداتوں کے سامنے جہلم پولیس بے بس۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان کے علاقہ غریب وال کا سیمنٹ کے تاجر ظہیرنے بتایا کہ وہ مقامی سیمنٹ فیکٹری کا ڈیلرہے،اس لئے وہ اپنے دو ورکروں اور ایک ڈرائیور کے ہمراہ ضؒع جہلم سے باہر کبیر والا،گجرات اور کنجاہ کے علاقوں میں سیمنٹ کی رقم وصول کرنے کے لئے گیا ہوا تھا،اس نے بتایا کہ مختلف ڈیلروں سے ایک کروڑ چوبیس لاکھ کی رقم وصول کرکے وہ غریب وال واپس آگیا۔
بعدازاں جب وہ یہ بھاری رقم مقامی بینک میں جمع کرانے کے لئے جا رہے تھے تو موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ڈاکوؤں نے ان کی کار روکی اور ان سے ایک کروڑ چوبیس لاکھ پاکستانی روپے،چار موبائیل فون جن کی قیمت 60000روپے ہے اور گاڑی کی چابی چھین کر فرار ہو گئے۔
درٖیں اثناء مقامی پولیس اطلاع ملنے کے بعد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم عامر خان نیازی بھی بڑی ڈکیتی کی واردات کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے۔جن کی ہدایت پرپولیس نے فوری طور پر ناکہ بندی کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی،تاہم آخری اطلاع ملنے تک ڈاکوؤں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
دوسری جانب کروڑوں روپے کی ڈکیتی کا سن کر شہریوں مٖیں جہلم پولیس کے بارے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روزجہلم میں ڈکیتی کی واردات ہو رہی ہے اور پولیس ان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل جہلم پولیس نے برٹش شہری کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کے ملزم پکڑنے کا دعویٰ کیا ،جو عدالت نے باعزت بری کر دیئے،اس واقعہ سے بھی جہلم پولیس کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔