جہلم میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول محکمہ ٹریفک کی نا اہلی کی بدولت نا ممکن ہو گیا

جہلم لائیو (بیورو رپورٹ ) ٹریفک پولیس کی اندھیر نگری ، حصول لائسنس ناممکن بنادیا، تین ماہ میں صرف دو بار ٹیسٹ کا انعقاد، سینکڑوں میل سے آنے والے ہزاروں افراد ہر منگل کو ذلیل وخوار ہو کر واپس جانے پر مجبور، ڈی ایس پی ٹریفک کا توجہ سے مکمل گریز، ہزاروں افراد کے لرنر بھی ایکسپائر ہو گئے ، ڈی پی او جہلم سے فوری توجہ کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق جہلم شہر میں ڈی ایس پی ٹریفک کی انتہائی درجہ کی غفلت کے باعث لائسنس بنوانا تقریبا ناممکن ہو گیا ہے ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس کیلئے منگل کا دن مختص کیا گیا لیکن گزشتہ تین ماہ سے ہر منگل کو ہزاروں افراد کو دفتر بلا کر مختلف بہانوں سے ٹیسٹ کینسل کرکے واپس کر دیا جاتا ہے جہلم دفتر میں سوہاوہ ، پی ڈی خان اور دیگر علاقوں سے سینکڑوں کلو میٹر کا سفر طے کرکے آنے والوں کو سارا دن انتظار میں کھڑا کر دیا جاتا ہے جس کے بعد دن ایک دو بجے کے قریب ٹیسٹ کینسل ہونے کی نوید سنا دی جاتی ہے تین ماہ س سے مسلسل ٹیسٹ نہ ہونے سے وجہ سے ہزاروں افراد کے لائسنس بننے سے رہ گئے ہیں جبکہ سینکڑوں امیدواروں کے لرنر پرمٹ کی مدت ہی ختم ہو چکی ہے اس حوالے سے معلوم ہو اہے کہ ٹریفک پولیس کسی ایک جگہ تمام امیدواروں کو جمع کرکے ایک ہی دفعہ ٹیسٹ لینے کی بجائے ٹریفک دفتر میں دس بیس افراد کے ٹیسٹ لے کر سینکڑوں افراد کو اگلے ہفتے آنے کا کہہ کر واپس کر دیتی ہے جبکہ مناسب انتظام نہ ہونے سے کبھی بارش، کبھی دھوپ اور کبھی ڈی ایس پی کی ذاتی مصروفیات کے باعث ٹیسٹ کینسل ہو جاتے ہیں ۔ جبکہ جن افراد نے گزشتہ تین ماہ کے دوران جیسے تیسے ٹیسٹ دے کر پاس کر لئے اب تک ان کی فوٹو بنا کر باقاعدہ لائسنس کا عمل شروع نہیں ہو سکا، اس سلسلہ میں ٹریفک محرر کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس مناسب جگہ نہیں جہاں دو چار سو افراد کا ٹیسٹ لیا جاسکے ، امیدواروں کی جانب سے دفتر سے باہر ہال کرایہ پر لے کر ایک ہی دفعہ ٹیسٹ لینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ کام افسران ہی کرسکتے ہیں ۔لائسنس بنوانے کے خواہشمند امیدواروں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کرایہ ہم سے لے کر کسی بڑے ہال میں ایک ہی دفعہ ٹیسٹ کا انعقاد کرئے اور ہر منگل کو ٹیسٹ کینسل کرنے کا سلسلہ بند کرکے ہم کو ذلیل وخوار ہونے سے بچایا جائے، ہزاروں روپے کرایہ خرچ کرکے اور کام کاج چھوڑ کر آنے والوں کو ٹیسٹ کینسل ہونے سے شدید پریشانی کا سامنا ہے ہزاروں امیدواروں نے ڈی پی او جہلم عبدالغفار قیصرانی سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی توجہ سے ٹریفک پولیس کی ہٹ دھرمی کا نوٹس لیں اور تین تین ماہ سے ٹیسٹ کینسل کرنے پر ڈی ایس پی ٹریفک سے جواب طلبی کرکے شہریوں کو اس پریشانی سے نجات دلائیں

اپنا تبصرہ بھیجیں