جہلم میں ڈکیتی

جہلم میں ڈکیتی کی ایک اور واردات.فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق دوسرا زخمی

جہلم میں ڈکیتی کی واردات۔
فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی۔
مسلح ڈاکو موقع سے فرار۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر جہلم میں مسمی رفاقت حسین ولد محمد اکرم ساکن ڈھینڈہ بجاڑ نے تحریری درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ محمد عتیق ولد محمد صادق ساکن لنگر پور کے ہمراہ اپنے موٹر سائیکل نمبری 5319پر سوار ہو کر گزشتہ رات موضع لنگر پور کی طرف آ رہے تھے،اس دوران ساڑھے گیارہ بجے رات بر لب سڑک انہیں چار مسلح ڈاکوؤں نے روک لیا۔جو درمیانے قد کے تھے اور شلوار قمیض انہوں نے پہنی ہوئی تھی۔انہوں نے ہمیں روکتے ہی ہمارے اوپر فائرنگ کر دی،جس پر مجھے ایک فائر لگا اور میں زمین پر گر پڑا جبکہ محمد عتیق کو دو فائر لگے اور وہ بھی شدید زخمی ہو کر گر پڑا۔

اسی اثناء میں پیچھے سے آنے والے موٹر سائیکل سوار محمد خالق اور تنویر اختر ساکنان لنگر پور ڈاکوؤں کو دیکھ کر پیچھے ہی رک گئے۔

مسلح ملزمان نے ہم سے موبائیل فون،نقدی اور موٹر سائیکل چھینا ،جاتے ہوئے محمد خالق وغیرہ پر بھی فائرنگ کی ،جو خوش قسمتی سے بچ نکلے،اور وہ مسلح ڈاکو گھرمالہ کی جانب فرار ہو گئے۔

بعد ازاں فائرنگ کی آواز سن کر اہلیان علاقہ وہاں اکٹھے ہو گئے،انہوں نے ریسکیو 1122کو اطلاع دی،تاہم محمد عتیق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ مجھے زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

دریں اثناء زخمی رفاقت حسین کی اس تحریری درخواست پر پولیس تھانہ صدر جہلم نے مقدمہ درج کر لیا ،اور نا معلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

دوسری جانب علاقہ میں اس واردات کے بعد شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ مسلح ڈاکو علاقے میں سر عام وارداتیں کر رہے ہیں،جن سے شہریوں کی جان و مال کا نقصان ہو رہا ہے لیکن جہلم پولیس ان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ نئے ڈی پی او جہلم کو امن و امان کی ابتر صورتحال پر چیلنج سمجھتے ہوئے ہنگامی کاروائی کرنی چاہیے،تاکہ شہر میں خوف و ہراس کی لہر ختم ہو اور ان کی کارکردگی پر بھی سوال نہ اٹھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں