دارالامان جہلم میں پنجابی ثقافت کا دن منایا گیا۔
اس موقع پر اہم سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی واجد حسین چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ،جہلم تھے۔
دارالامان کی ایڈوائزری کمیٹی کی خواتین ممبران نے بھی خصو صی طور پرشرکت کی جن میں سیدہ خاتون، رشیدہ عزیز،ایڈووکیٹ شازیہ نیئر اور دیگر خواتین شامل تھیں،دارالامان میں مقیم خواتین اور سٹاف نے دیدہ زیب سٹال لگایا جس پر مختلف پرانی نایاب چیزیں سجائی گئی۔
دارالامان جہلم میں مہمانوں کی پیتل کے برتنوں میں دیسی مشروب لسی سے تواضع کی گئی۔مکئی کی روٹی، ساگ،بریانی کے ساتھ ساتھ اچار بھی سجایا گیا۔سٹال پر لالٹین، پنکھیاں، پیتل کے برتن، مٹی کے برتن اور چرخے کا ماڈل بھی رکھا گیا تھا۔
چارپائیوں اور موڑھوں پر مہمانوں کو بٹھایا گیا جن پر ہاتھ کی کڑھائی کا کام نمایاں تھا۔
رہائشی خواتین نے پنجاب کے روایتی کھیل پیش کیے۔ان مہمانوں کے ساتھ ساتھ ادارے میں مقیم خواتین نے بھی اس پروگرام کو سراہا اور خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پرطیبہ ناصر، سپرنٹنڈنٹ دارالامان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، پنجابی ثقافت بہت رنگین اور زندگی سے قریب ترین ہے،یہ اداراہ تشدد سے متاثرہ خواتین کو جواپنی فیملی اور گھر بار چھوڑ کر یہاں پناہ لئے ہوئے ہیں ان کی دل جوئی کے مختلف پروگرام منعقد کرتا ہے تاکہ وہ یکسانیت کا شکار نہ ہو جائیں، یہ پروگرام بھی ان کے لئے ترتیب دیا گیا جو ان کی شمولیت کے بغیر ناممکن تھا۔
طیبہ ناصر نے مزید بتایا کہ ہم نے ان تمام خواتین کورنگا رنگ ملبوسات فراہم کیے ہیں جو انھوں نے پنجابی طر ز پر سلائی کیے اور اس فنکشن کے لئے تیار کیے گئےہیں۔ یہ خواتین اور بچیاں آج کے دن کے حوالے سے بہت پر جوش ہیں۔
واجد حسین چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ نے حاضرین سے خطاب کیا اورمس طیبہ ناصر مع تمام سٹاف ممبران اور رہائشی خواتین کاپروگرام سجانے اور مہمانوں کی شمولیت کا شکریہ ادا کیا۔
واجد حسین چوہدری اور طیبہ ناصر نے اس موقع پرشجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے پودے لگائے اور دعائے خیر کی۔