جدائی کے بعد ملاقات

دینہ میں باپ بیٹے کی 15سالہ جدائی کے بعد ملاقات

دینہ میں گمشدہ باپ بیٹا مل گئے۔
15 سالہ جدائی کے بعد ملاقات ہوئی۔
باپ نے پلک جھپکتے ہی بیٹے کو پہچان لیا۔
ملاقات کا منظر دیدنی تھا۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کا رہائشی ریاض نشہ کرنے کا عادی تھا اور اسی لئے گھر والوں سے اکثر لڑائی جھگڑا کرتا تھا۔
15سال قبل وہ ایک روز اسی طرح نشے کے ہاتھوں مجبور ہو کر گھر والوں سے لڑ جھگڑ کر بھاگ نکلا۔
اس کے بعد وہ جہلم کی تحصیل دینہ آ گیا اور یہاں بھیک مانگ کر اپنے نشے کی لت پوری کرنے لگا اور گھوم پھر کر گزر اوقات کرنے لگا۔
اس دوران اس کے گھر والوں نے اسے ڈھونڈنے کی کافی کوشش کی مگر وہ اپنی کوشش میں کامیاب نہ ہو سکے۔

پھر یوں ہوا کہ گزشتہ روز اس کا بیٹا خان علی کسی کام کے سلسلے میں میڑپور آزاد کشمیر جا رہا تھا ،وہ دینہ کے سٹاپ پر اترا اور منگلا روڈ پر پیدل چلنے لگا۔
دوسری جانب اس کا باپ ریاض پہلے ہی منگلا روڈ پر موجود تھا،ریاض نے ایک نگاہ غلط انداز اس لڑکے پر ڈالی،اور پلک جھپکتے ہی اپنے بیٹے کو پہچان لیا۔
ریاض نے فوری طور پر اسے آواز دی،یہ مانوس آواز سن کر اس کا بیٹا علی بھی آواز کی طرف لپکا اور اپنے باپ کو فوری طور پر پہچان لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دونوں باپ بیٹے کی 15 سالہ جدائی کے بعد ملاقات کا منظر دیدنی تھا۔دونوں نے انتہائی جذباتی انداز میں ایک دوسرے کو گلے لگایا،اور حال احوال پوچھنے لگے۔
والد کے مل جانے کے بعد بیٹے علی نے فوری طور پر اس واقعے کی اطلاع اپنے گھر والوں کو دی ،جہاں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
چنانچہ علی خان نامی لڑکے نے فوری طور پر اپنے والد کو ایک پرائیویٹ گاڑی میں اپنے ساتھ بٹھایا اوراسے لے کر اپنے گھر کی طرف روانہ ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں