دینہ میں دن دیہاڑے ڈاکو راہگیر سے موٹر سائیکل چھین کر فرار۔
واردات میں چار مسلح نقاب پوش شامل تھے۔
ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے نامعلوم ڈاکو موقع سے چلتے بنے.
شہریوں کا نئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسے دینہ کی مخدوش صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں آئے روز سٹریٹ کرائم میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
تازہ واقعہ میں گزشتہ روز قائد اعظم ٹاون دینہ کے رہائشی حاجی ارشد محمود ولد عبدالخالق اپنے گھر سے شوروم پر موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کھانا دینے گئے،واپسی پر جب وہ ٹاور والی گلی کے قریب پہنچے تو اسی اثناء میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نا معلوم ڈاکوؤں نے ان کو روک کر ان سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین لی،اس دوران نامعلوم نقاب پوشوں نے ہوائی فاءرنگ بھی کی،اور شہری کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے،جس سے شہر میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔
حاجی ارشد محمود نے اس واقعہ کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس کو دی،جنہوں نے تفتیش شروع کر دی،تاہم آخری اطلاع آنے تک ملزمان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا.
دریں اثناء دینہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں سٹریٹ کرائم کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے،اس سے قبل بھی درجنوں شہری راہ چلتے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اپنا قیمتی سازو سامان گنوا بیٹھے ہیں،اور ان جرائم میں سے اکثر واقعات کے ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکے،شہریوں نے اس موقع پر نئے ڈی پی او جہلم عامر نیازی سے اپیل کی ہے کہ وہ دینہ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کا فوری طور پر نوٹس لیں، اور دینہ شہر اور ملحقہ علاقوں مٖیں سٹریٹ کرائم کرنیوالے ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے،تاکہ دینہ شہر کا امن و سکون بحال ہو سکے۔