معذور افراد کے لیے کی گئی عالمی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے
اورعالمی یوم معذوراں کی مناسبت سے گزشتہ روز محکمہ خصوصی تعلیم ضلع جہلم کی سطح پر ایک مقامی گارڈن میں روہتاس روڈ کے مقام پر روہتاس اسپیشل ایجوکیشن سینٹرکے زیراہتمام رنگا رنگ فن فئیر کا انعقاد کیا گیا،
جسکی میزبانی کے فرائض گورنمنٹ روہتاس اسپیشل ایجوکیشن سینٹر نے انجام دیے ۔
جبکہ سلو لرنر سکول ، ڈیف سکول، سپیشل ایجوکیشن سنٹر دینہ اور پنڈ دادنخان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جہلم ملک واجد حسین تھے ۔جبکہ صدارت کے فرائض معروف سماجی رہنما اور عبدالغنی ویلفئیر ٹرسٹ جہلم کے سرپرست و چئیر پرسن چوہدری فضل حسین نے انجام دیئے۔
دیگر مہمانان گرامی میں سرپرست جہلم پریس کلب و میڈیاکوارڈینیٹر جہلم چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری سہیل عزیز چیلیانوالہ ،شیلٹر ہوم کی آفیسر انچارج عاصمہ ثروت ، فوکل پرسن سجاد اصغر ، سرپرست اولڈ ہومز آسیہ ممتاز ،پرنسپل عبداللہ میموریل سکول چوہدری تاثیر محمود نے پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔ آرگنائزنگ ٹیم میں چیف آرگنائزر پروفیسر محمد فاروق ،سینئر ٹیچرز ، مقصود الٰہی ، محمد ضیاالحق ، مس صائمہ افضل ، مس طاہرہ جبیں، مس صائمہ بیگم ، مس ارشاد بیگم ، اور دیگر شامل تھے ۔
تقریب میں سکولز کے اساتذہ و سٹاف کی جانب سے ثقافتی روایات کے پس منظر میں خصوصی سٹالز بھی لگائے گئے تھے جسے مہمانان گرامی نے بہت سراہا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں چوہدری واجد حسین ، ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز اللہ خان سنبل سرپرست جہلم پریس کلب چوہدری سہیل عزیز ،سینئر ٹیچر چوہدری نذیر احمد ،سوشل ویلفئر آفیسر سجاد حسین اور دیگر نے کہا کہ سرکاری ، نیم سرکاری اور دیگر نجی اداروں کی جانب سے معذور افراد کی بحالی اور خصوصی بچوں کی تعلیم و صحت کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو مربوط بنانے کی ضرورت ہے نیز معاشرے کے تمام حساس طبقوں کو اس جانب متوجہ کرنے کی ضرورت ہے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں چوہدری فضل حسین کی جانب سے اسپیشل ایجوکیشن ادارے کی زمین اور تعمیر کے حوالے سے جاری کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے دوران بچوں نے ٹیبلوز، ملی نغمے، رقص اور ترانے پیش کیے۔ حاضرین نے تمام سرگرمیوں کی کھل کر داد دی ۔ آخر میں منتظمین نے معذور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو مربوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔