مولانا امیر محمد اکرم اعوان

زکوۃ،صدقات و عشر جمع کرنا اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔مولانا امیر محمد اکرم اعوان

جہلم لائیو(پریس ریلیز): لوگوں پر ٹیکس لگانے کی بجائے ملکی بجٹ زکوۃ،صدقات،زمین کا عشر اور کھالوں کے پیسوں سے بننا چاہیے اگر بجٹ اس سے زائد بنے پھر ضرورت کے مطابق عوام پر ٹیکس لگائے جائیں اور ضرورت پوری ہونے کے بعد ٹیکس ہٹا دیا جائے ۔یہ اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ مولانا امیر محمد اکرم اعوان نے جمعتہ المبارک کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم رسومات کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔رمضان المبارک کو بھی رسومات اور رواجات کی نذر کر دیا جاتا ہے ۔رمضان میں عبادات کا بڑا اہتمام کیا جاتا ہے لیکن رمضان گیا عبادات بھی گئیںیہ دین نہیں ہے ۔رمضان کا روزہ کُلی طور پر بندے کو بتا دیتا ہے ہر چیز اللہ کی ہے جب اجازت دے گا استعمال کروں گا جب روک دے گا تب رک جاؤں گا یہاں تک کہ حلال چیزیں بھی اللہ کے حکم کے مطابق استعمال ہوتی ہیں۔اللہ اور اللہ کے رسولﷺ کے حکم کا نام دین ہے ۔دنیا کے سارے کام اگر اللہ کے حکم کے مطابق کیے جائیں تو دنیا بھی دین بن جاتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تو ہر بندہ ہسپتال کے نام پر لوگوں سے زکوۃ لے رہا ہے ۔رمضان کے مہینے میں ٹی وی پر سارے لوگ زکوۃ لینے میں لگے ہوئے ہیں کیونکہ اس کا آڈٹ نہیں ہوتا ۔ہسپتال بنانا سکول بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ لوگوں کو مفت تعلیم دے ،علاج فری دے لیکن یہ سب کام لوگ خود کررہے ہیں زکوۃ اور صدقات کے پیسوں سے کیونکہ حکومت نہیں کر رہی کل لوگ کہیں گے زکوۃ دیں عدالت بنانی ہے صدقات دیں تھانے بنانے ہیں یہ طریقہ بلکل غلط ہے ۔دنیا و آخرت کی کامیابی اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کی اطاعت میں ہے ارکانِ دین کو ترک کر کے کوئی کامیاب نہیں ہوسکتا۔آخر میں انہوں ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں