جہلم لائیو(عامر کیانی): سوہاوہ کی چھ سالہ ننھی بچی پیدائشی طور پر بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ،آپریشن کے ذریعے مصنوعی آلات لگانے کے لیے ساڑھے اٹھارہ لاکھ روپے درکار،والدین وسائل نہ ہونے کی وجہ سے علاج کرانے سے قاصر ،ننھی پری کسی مسیحا کی منتظر ،مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل،
تفصیلات کے مطابق نیلی انکھیں، بھورے بال اور پریوں جیسی نظر آنے والی سوہاوہ کی چھ سالہ بچی حلیمہ فاطمہ پیدائشی طور پر قوت گویائی اور سماعت سے محروم ہے،مگر عام بچوں کی طرح یہ ننھی پری بھی آواز کی دنیا سے روشناس ہونا چاہتی ہے،اس کے علاج کے لئے ننھی بچی کے والدین اس کو متعلقہ ہسپتال لے گئے،جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ آپریشن کے ذریعے مصنوعی آلات لگانے کے لیے اٹھارہ لاکھ روپے کی خطیر رقم درکار ہے،اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر نے بتایا کہ سات سال کی عمر کے بعد بچی کا آپریشن ممکن نہیں،معصوم بچی کے والد نے جہلم لائیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ حلیمہ فاطمہ کو مصنوعی آلات کے ذریعے نارمل بچوں کی طرح بولنے اور سننے کی صلاحیت حاصل ہو،تاہم وہ محنت مزدوری کرتا ہے ،اس کے پاس اتنی رقم موجود نہیں،اس نے میڈیا کے ذریعے مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی ہے،