سوہاوہ

سوہاوہ کے نواحی علاقے میں بااثر شخصیت کی اجارہ داری

جہلم لائیو( خصوصی نمائندہ) سوہاوہ میں با اثر شخصیت کی اجارہ داری قائم.
حمزہ شہباز کی آشیر باد یا پیسوں کی چمک ،غریب دیہاتیوں کا جینا حرام ، زمینوں پر قبضہ ، غیر قانونی فارمز سے ڈھوک نلہ کے رہائشیوں کا سکون برباد ، سرکاری راستے بند.

تفصیلا ت کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈھوک نلہ ملکاں میں SBچکس نامی کمپنی کے مالک ڈاکٹر صادق نے اپنے آپ کو حمزہ شہباز اور وزیر داخلہ کے پارٹنر ظاہر کر تے ہوئے ڈھوک نلہ ملکاں اور ڈھوک وزیر علی کے وسط میں پولٹری فارم لگا کر غریب کسانوں کی زمینوں پر نہ صرف ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، بلکہ 1860سے قائم اس آبادی کا سرکاری راستہ بھی بند کر دیا ہے، جبکہ پولٹری فارم پر اسلحہ سے لیس مسلح افراددیہاتیوں کو اسلحہ کے زور پر زد کوب کر رہے ہیں۔

اس صورتحال پرگزشتہ روز اہلیان علاقہ نے کمپنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر کمپنی کو گاؤں سے باہر شفٹ کرنے اور گاؤں میں فارمز کی وجہ سے پیدا ہونے والے وبائی امراض کیخلاف نعرے درج تھے مظاہرین کا کہنا تھا کہ کمپنی کا مالک بااثر ہے اوراس نے پیسوں کی چمک سے 1860میں بنائے گئے سرکاری رستے کو بند کر کے گاؤں کے مکینوں کو محصور کر دیا ہے.

اس حوالے سے مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ کمپنی کا مالک ڈاکٹر صادق خود کو وزیر داخلہ چوہدری نثار اور حمزہ شہبازکا پارٹنر ظاہر کرتا ہے اور برملا اس بات کا اظہار کرتا ہے کہ فارمز حمزہ شہباز کے ہیں اہلیان علاقہ نے متعدد بار ڈی سی او ، ڈی پی او اور مقامی پولیس ،محکمہ ماحولیات اور دیگر متعلقہ اداروں کو فارمز کے غیر قانونی ہونے کے متعلق درخواستیں دیں لیکن کمپنی کے مالک کے باثر ہونے کی وجہ سے کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ۔

اہلیان علاقہ نے مزیدبتایا کہ کمپنی کے مالک کے پاس جب بھی گئے اس نے اپنے غنڈوں سے ہمیں ڈرانا دھمکانا شروع کر دیا ، گزشتہ روز بھی ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس میں ہمارے گاؤں کے لڑکے مضروب ہوئے پولیس تھانہ سوہاوہ کو درخواست دینے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی جبکہ کمپنی نے بھاری جرنیٹرز کو ہماری آبادی کے اندر لگا رکھا ہے جس کی وجہ سے ہماری نیندیں تک حرام ہو چکی ہیں جرنیٹرز کے شور سے ہم سو نہیں پا رہے ۔ مردہ مرغیوں کو فارمز کے باہر پھینک دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے گاؤں میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں اور گاؤں کے رہائشی موذی امراض کا شکار ہو رہے ہیں ، دریں اثناء کمپنی میں رہنے والے ملازمین کا تھانے میں کوئی اندراج نہ کروایا گیا ہے دوسری جانب گاؤں میں چوری کی وار تیں عام ہو چکی ہیں اہلیان علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، وزیر داخلہ چوہدری نثار سے داد رسی کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہماری زمینوں سے قبضہ واگزار کروا کر سرکاری راستے کو بحال کروائیں اور فارمز کو دیہات سے باہر منتقل کروا کر ہماری داد رسی کی جائے،

اپنا تبصرہ بھیجیں