ایس ایچ او تھانہ سول لائن

شہری مشکوک افراد کی نقل و حرکت سے پولیس کو آگاہ کریں،ایس ایچ او تھانہ سول لائن

جہلم لائیو( نمائندہ خصوصی) ایس ایچ او تھانہ سول لائن چوہدری محمد الیاس نے مقامی اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ملک کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے اور پولیس اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف ایسے افراد کو حراست میں لیا جاتا ہے جو اپنے حلیہ اور چال ڈھال سے مشکوک نظر آتے ہیں ، حراست میں لیے جانے والے افرادکے پاس کوئی شناخت یا پاکستانی شہری ہونے کا ثبوت موجود نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک عام شہری خواہ اس کے پاس اْس وقت اْس کے شہری ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہ بھی ہو اس کے باوجود بھی اْسے شہری ہونے کے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہوتی۔اس لئے کہ اْس سے 2منٹ کی گفتگو میں ہی اصل حقائق سامنے آجاتے ہیں کہ وہ واقعی اس ملک کا شہری ہے یا شہری ہونے کا محض ڈھونگ رچارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف ایسے مشتبہ افراد کو جن کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہ ہوں اور وہ پوچھے گئے سوالات کا معقول جواب نہ دے سکیں اْن افراد کو بھی حراست میں لے کر تفتیش کی جاتی ہے۔ انہوں نے گفتگو کے دوران شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے گھر وں سے باہر جاتے وقت اپنا قومی شناختی کارڈ اپنے پاس ضرور رکھیں تاکہ کسی بھی زحمت سے بچ سکیں اور اپنے گردونواح میں رہنے والے افراد پر کڑی نظر رکھیں ، غیرمانوس اور مشکوک افراد کی نقل و حرکت کا بغور جائزہ لیں مشکوک افراد کی آمدورفت کی بابت متعلقہ پولیس کو پہلی فرصت میں آگاہ کریں۔تاکہ بروقت کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک شہری پولیس کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے اس ناسور کے خاتمے کے لئے شہری ، سماجی ،مذہبی ، فلاحی ، رفاعی تنظیموں سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں