عوامی خدمت
تحریر: نوید احمد
ایڈیٹر انچیف جہلم لائیو
یہ سترہویں گریڈ کے سرکاری افسر کا دفتر ہے،آج شہر کی نمائندہ قصاب ایسوسی ایشن کے جملہ ممبران ایک مسئلہ لے کر یہاں تک آئے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ سرکار نے عوامی خدمت کے لئے شہر میں سہولت بازار قائم کر رکھا ہے،جہاں ہمیں مارکیٹ سے کم ریٹ پر گوشت بیچنے کی ہدایت کی گئی ہے،تاہم یہ قیمت ہماری خرید سے بھی کم ہے،اس لئے مذکورہ حکم پر نظر ثانی کی جائے۔
سرکاری افسر نے ان کی بات سن کر اپنی کرسی کو تھوڑا آگے کی طرف سرکایا اور گویا ہوئے کہ ہم سرکار کے اہلکار ہیں،اس لئے حکومت کے امیج کا خیال رکھنا ہے،سرکار کو آپ کی قیمت خرید اور قیمت فروخت سے کوئی سروکار نہیں،آپ نے اس بازار میں مارکیٹ سے کم قیمت پر گوشت فروخت کرنا ہے،تاکہ لوگوں کو معلوم ہو کہ سرکار عوامی خدمت کے لئے ہر وقت کوشاں ہے۔
یہ سن کر تنظیم کے ممبران دفتر سے باہر نکلے،انہوں نے ایک دوسرے کی آنکھوں میں سوالیہ انداز میں جھانکا اور دوسرے ہی لمحے یہ فیصلہ کر لیا کہ میعار(Quality) اور مقدار(Quantity)پر سمجھوتہ (Compromise)کر کے اس بازار میں عوامی خدمت جاری رکھی جائے گی۔