قرآن پاک کے مقدس اوراق کی بے حرمتی نہ کی جائے،تحریک عظمت قرآن

جہلم لائیو (بیورو وپورٹ) جہلم شہر میں قرآن مقدس اور مقدس اوراق کی بے حرمتی پر مذہبی طبقوں کی خاموشی قابل تشویش ہے علما ء کرام جمعہ کے خطبات میں ہزاروں بار بیان کئے گئے واقعات دہرانے کی بجائے مقدس کتب کی بے ادبی بارے شہریوں کی توجہ مبذول کروائیں یہ بات نگران تحریک عظمت قرآن اصغر مرزا نے گزشتہ روز مقدس اوراق کی تلاش اور محفوظ کرنے کی ہفتہ وار ڈیوٹی کے بعد کہی، انہوں نے کہا کہ جہلم شہر خصوصا دریائے جہلم کے کنارے قرآن کریم کے سینکڑوں نسخے انتہائی بوسیدہ حالت میں ہر ہفتے مل رہے ہیں جبکہ کچرے کے ڈھیروں پر جا بجا مختلف سیپارے بکھرے ملتے ہیں جو انتہائی افسوسناک اور شرمناک کیفیت ہے لیکن اس سے بڑھ کر افسوسناک اور مایوس کن صورتحال مذہبی طبقوں کی خاموشی اور لاپرواہی ہے۔ مذہبی جلسے جلوسوں اورمختلف پروگراموں کے اشتہارات میں لکھی گئی قرآنی آیات اور مقدس الفاظ چند دن بعد اشتہار پھٹنے سے گلیوں نالیوں میں بکھرے نظر آتے ہیں جو جان بوجھ کو مقدس اوراق کی بے حرمتی کے مترادف ہے ، محافل نعت ، محافل قرآت، دورہ حدیث ، درس قرآن کے اشتہارات کو لگوانے والے بعد میں ان کی حفاظت کی طرف توجہ ہی نہیں دیتے ، انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی جماعت اہلسنت، سنی تحریک ، مرکزی سنی علماء کونسل، علمائے دیوبند ، علمائے اہلحدیث ، مشائخ عظام او ر خطیب حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مسلکی اختلاف بالائے طاق رکھ کر اس مسئلہ پر مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں اور نماز جمعہ اور آئندہ عید الاضحی کی تقاریر میں نمازیوں کی توجہ اس جانب مبذول کروائیں اور بے ادبی اور بے حرمتی کے اس طوفان کو روکنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مساجداور مدارس کے اندر الماریوں میں ہزاروں قرآن پاک انتہائی بوسیدہ حالت میں جبکہ سیپارے شہید ہو چکے ہیں مساجد کے امام حضرات خصوصی توجہ دے کر ان اوراق کو مزید شہید ہونے سے بچانے اور محفوظ کرنے کیلئے تحریک عظمت قرآن کے حوالے کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں