محکمہ تعلیم

محکمہ تعلیم کا کارنامہ،ایک سکول کے 23اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگا دیں

جہلم لائیو( ایجوکیشن ڈیسک) محکمہ تعلیم کا کارنامہ، گورنمنٹ ہائی سکول کے23 اساتذہ کی سالانہ امتحانات میں ڈیوٹیاں لگا دیں ، سکول میں زیر تعلیم طلباء کا اللہ حافظ ۔ سکول کونسل محکمہ تعلیم کی نااہلی پر سراپا احتجاج، سینکڑوں طلباء کا سال ضائع ہونے کا خدشہ، تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول جہلم کی سکول کونسل کے ممبران نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن(پی ای سی ) نے سالانہ امتحانات 2017 ء میں سپروائزی عملہ کی ڈیوٹیاں لگاتے وقت گورنمنٹ ہائی سکول جہلم کے 5 اساتذہ کو بطور سپرٹنڈنٹ تحصیل پنڈدادنخان کے مختلف سکولوں میں تعینات کرنے جبکہ 18 اساتذہ کو گردونواح کے سکولز میں بطور نگران تعینات کرنے کے تحریری احکامات جاری کر دئیے ہیں ،

قابل ذکر امر یہ ہے کہ تحصیل جہلم کے 25ہائی سکولز میں سے 8 سکولو ں کے اساتذہ نگرانی کے فرائض کے لئے مقرر کئے گئے ہیں، جبکہ منظور نظر من پسند سربراہان کے سکولز کا کوئی استاد نگران ڈیوٹی کے لئے مقرر نہیں کیا گیا ، اس سلسلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول میں زیر تعلیم سینکڑوں طلباء کے والدین سخت پریشان ہیں کہ مزکورہ تعلیمی ادارہ کے بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہو جائیگا جوکہ والدین کے لئے لمحہ فکریہ ہے ،بچوں کے والدین نے ڈپٹی کمشنر جہلم ، محکمہ تعلیم کی ضلعی انتظامیہ اور پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے بچوں پر ترس کیا جائے اور تحصیل جہلم کے سینکڑوں سکولوں میں تعینات اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگا کر گورنمنٹ ہائی سکول جہلم میں زیر تعلیم بچوں کو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں تاکہ آمدہ امتحانات کے موقع پر طلباء کے نتائج بہتر حاصل ہو سکیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں