جہلم لائیو(ایجوکیشن ڈیسک) : محکمہ تعلیم کی نئی سکیم، ضلع جہلم کے ہائی سکولوں کے ہیڈ ماسٹرو پرنسپل صاحبان سے ریٹائرہونے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرکو شان و شوکت سے رخصت کرنے کے حوالے سے جگا ٹیکس وصولی شروع.
ضلع جہلم کے اساتذہ سراپا احتجاج ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرراجہ شمریزاختر19 فروری کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں جن کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد کے لئے ضلع جہلم کے درجنوں ہائیر سیکنڈری سکولوں کے ہیڈ ماسٹر وپرنسپل صاحبان سے تقریب کے انتظام کی مد میں فی سکول ہزاروں روپے چندہ جمع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں.
اس وجہ سے دوردراز کے علاقوں میں قائم سکولوں کے اساتذہ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں.
ذرائع نے مزیدانکشاف کیا ہے کہ تحصیل جہلم میں بھتہ وصولی کا الگ سے نرخ مقرر ہے جبکہ ضلع جہلم کی 3 تحصیلوں جن میں تحصیل دینہ،تحصیل سوہاوہ، تحصیل پنڈدادنخان کے اساتذہ کے لئے الگ سکیم بنائی گئی ہے .
اساتذہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر متعلقہ افسران نے زبردستی رقم وصولی کا سلسلہ شروع کیاہے۔اساتذہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ زبردستی رقم وصول کرنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ معاشی مسائل کے اس دور میں اساتذہ اپنی سفید پوشی کا بھرم قائم رکھ سکیں۔موقف جاننے کے لئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راجہ شمریز اختر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میری ریٹائرمنٹ 19 فروری کو ہو رہی ہے ،رقم ادا کرنے والوں کو چاہیے کہ کسی شخص یا آفیسر کو رقم ادا نہ کریں اور نہ ہی میں ایسی جھوٹی شان و شوکت کا قائل ہوں۔