جہلم

محکمہ سوشل ویلفیئر جہلم کے زیراہتمام سیمینارکا انعقاد

محکمہ سوشل ویلفیئر جہلم کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے صنعت زار میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

اس سیمینار میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی جہلم رانا خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر واجد ضیاء اور سماجی کارکن ڈاکٹر شہزانہ امتیاز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار میں مقررین نے اپنی تقریروں کے ذریعے خواتین کے حقوق کو اُجاگر کیا ، اور حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر ڈاکٹر شہزانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام خواتین کو نہ صرف برابری کے حقوق دیتا ہے بلکہ ہمارا اسلام جتنی عزت اور تکریم عورت کو دیتا ہے کوئی اور مذہب یا معاشرہ نہیں دیتا ،ہمارے مذہب میں تو جنت ہی ماں کے قدموں تلے رکھ دی گئی ،عورتوں کو صرف اپنے حقوق کی بات نہیں کرنی چاہیے بلکہ اپنے فرائض پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے، جب عورتوں کی برابری کی بات کی جاتی ہے تو عورتوں کے فرائض کو بھی اجاگر کرنا چاہیے، محکمہ صنعت زار نے بہت سی خواتین کو خود کفیل بنایا ہے اس ادارے کے کام قابلِ تحسین ہیں۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی رانا خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام عورتوں کے حقوق پر 1400 سال قبل سے بات کر رہا ہے یورپ میں اس کی تاریخ 100 سال سے زیادہ پرانی نہیں ہے، پوری دنیا میں پاکستان کی تصویر حقوقِ خواتین کے حوالے سے بہت مثبت ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں