جہلم لائیو (چوہدری سہیل عزیز): گورنمنٹ روہتاس روڈ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر میں گزشتہ روز معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جسکے مہمان خصوصی معروف سماجی رہنما اور الغنی ویلفئر ٹرسٹ کے بانی چوہدری فضل حسین تھے، دیگر مہمانان میں جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ارشد محمود، الجلال ویلفئر ٹرسٹ کے سربراہ جلال اکبر ڈار، چوہدری سہیل عزیز، پرنسپل عبداللہ میموریل سکول چوہدری تاثیر محمود ، ڈاکٹر قیصر اعوان اور دیگر شامل تھے۔
رنگا رنگ تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز اللہ خان سنبل ، چوہدری نذیر احمد مس صائمہ افضل ، مس زینت فاطمہ، سوشل ویلفئر آفیسر سجاد حسین، مقصود الٰہی ، محمد ضیاالحق بٹ اور دیگر نے کہا کہ معذور بچوں کو ترس کی نہیں بلکہ پیار اور زیادہ توجہ کی ضرورت ہے، انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کا ہر فرد آگے بڑھ کر اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔ معذور افراد نارمل افراد کے شانہ بشانہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں انکی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے لیے زمین وقف کرنے اور پورے ادارے کی تعمیر کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ تقریب میں بچوں نے ٹیبلو، ملی نغمے اور خاکے بھی پیش کیے جسے حاضرین نے بہت سراہا۔ بعد ازاں بچوں اور مہمانان کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں اور انکی چائے و مشروبات سے تواضع کی گئی