معروف صحافی

معروف صحافی محمد شہباز بٹ پربزدلانہ حملہ،نامعلوم ملزمان موقع سے فرار

جہلم کے معروف صحافی محمد شہباز بٹ پر بزدلانہ حملہ۔
موٹر سائیکل سوار حملہ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
مختلف سیاسی،سماجی اور صحافی شخصیات کی طرف سے واقعہ کی مذمت۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے معروف صحافی اور نجی ٹی وی کے رپورٹر محمد شہباز بٹ پر جہلم شہر کے مرکز میں دن دیہاڑے قاتلانہ حملہ ہوا،جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس تھانہ سول لائن کو دیئے گئے بیان کے مطابق شہباز بٹ کا کہنا تھا کہ وہ صبح دس بجے کے قریب اپنی کار میں سوار ہو کر پریس کلب جا رہے تھے کہ پیراغائب چوک میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے انہیں روکا، جب وہ کار سے باہر نکلے تو ملزمان نے اس پر ڈنڈوں سے حملہ کر دیا،جس سے وہ شدید زخمی ہو کر گر پڑے،اور ان کا موبائیل فون بھی ٹوٹ گیا،یہ دیکھتے ہوئے ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی،بعدازاں انہیں ہسپتال پہنچایا گیا،جہاں ان کی طبی امداد دی گئی۔

دوسری جانب ادارہ جہلم لائیو سمیت،مختلف سیاسی،سماجی اور صحافی شخصیات نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن دیہاڑے شہر کے وسط میں معروف صحافی پر قاتلانہ حملہ جہلم پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،اس لئے جہلم پولیس کو اپنی ساکھ بحال کرنے کے لئے فوری طور پر ملزمان کی نشاندہی کر کے انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔

یاد رہے محمد شہباز بٹ کا تعلق تحصیل پنڈدادن خان کے نواحی علاقہ جلالپور شریف سے ہے، وہ جہلم کے معروف صحافی ہیں،اورگزشتہ 20سال سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے مختلف اداروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں،اس وقت وہ ایک نجی ٹی وی کے ساتھ بطوررپورٹر وابستہ ہیں،مختلف سیاسی و سماجی ایشوز کو موضوع بناتے ہیں،اورجہلم کی صحافت میں اپنی خاص پہچان رکھتے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں