نجی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے زہرا ہسپتال کا قیام

جہلم لائیو:(سوشل ڈیسک):زہرا ویلفیئر ٹرسٹ نے شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے زہرا ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا، شہر کی رفاعی ، فلاحی ، سماجی ، کارروباری ، مذہبی ، شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، تفصیلات کے مطابق جہلم کالا گجراں کی فلاحی تنظیم زہرا ویلفیئر ٹرسٹ (رجسٹرڈ) نے شہریوں کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے کالا گیٹ چک جمال روڈ پر جدید زہرا ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ، اس موقع پر تنظیم کے رہنماؤں مسعود احمد ، بلال مسعودنے پنڈال میں موجود حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے علاقے کے پسے ہوئے طبقات کی خدمات میں مصروف عمل ہیں بلکہ وہ بچے جو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا چاہتے ہیں ان بچوں کی کاپیاں ، کتابیں و دیگر اخراجات زہرا ویلفیئر ٹرسٹ برداشت کر رہا ہے ، جبکہ ہر سال کالا گجراں کے مقام پر الشفاء آئی ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد کے آپریشن آمدورفت ، قیام و طعام کا خرچہ بھی فلاحی تنظیم زہرا ویلفیئر ٹرسٹ برداشت کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے حقوق اللہ کے بارے میں حکم دے رکھا ہے کہ میرے اور بندے کے درمیان جو معاملات ہیں ان پر معافی تلافی ہو سکتی ہے لیکن حقو ق العباد کے بارے میں کسی قسم کی گنجائش باقی نہیں ، اس لئے ہمیں چاہیے کہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا بھی خاص خیال رکھیں وہ اسی طرح ممکن ہو سکتا ہے کہ ہم غریب سفید پوش طبقہ سے رکھنے والے افراد کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے کردار ادا کریں ، انہوں نے کہا کہ زہرا ویلفیئر (رجسٹرڈ) تنظیم کی زیر نگرانی زہرا ہسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جا رہاہے ، جہاں غریب ، مستحق اور سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا مفت طبی معائنہ اور علاج معالجہ کیا جائیگا۔انہوں نے اس سلسلہ میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس نیک کام میں حصہ ڈال کر ثواب داریں حاصل کریں انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے کہ رات دن محنت کر کے زہرا ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایسا ہسپتال متعارف کروایا جائے جہاں جہلم سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں اور انکے لواحقین کی اسی طرح دیکھ بھال کی جائے جس طرح انہیں گھروں میں سہولیات میسر ہوتی ہیں ، اس موقع پر جہلم شہر ، کالا گجراں ،چک جمال و دیگر ملحقہ علاقوں کے سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی اور زہرا ویلفیئر ٹرسٹ کی انتظامیہ کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہائی کروائی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں