جہلم لائیو (بیورو رپورٹ ) بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ایک عہد آفریں شخصیت،عظیم قانون دان اور بلند پایۂ مدبر تھے ،
ان میں غیر معمولی قوت عمل اور عزم و جزم کا لازوال جذبہ تھا اور اس جذبہ کو اجاگر کرنے کیلئے ہمیں ایک قوم کی صورت میں اکٹھا ہونا پڑیگا۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس میں مشاعرہ برائے عنوان” جناح” کی تقریب کے موقع پر کیا۔انکا کہنا تھا کہ نظم و ضبط کا سبق اور قوم میں اتحاد کا درس دینے والے قائد کے خوابوں کی تعبیر کو پنجاب حکومت نے ہمیشہ زبردست سراہا ہے اور رواں سال بھی سات روزہ تقریبات منعقد کی جارہی ہیں،
ان کے فرمودات کی یاد کو تازہ کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے محکمہ تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کو آن بورڈ رکھا ہے ۔ اس موقع پراے ڈی سی جی ذوالفقار احمد، ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی مدثر غفور، میڈیا کوارڈینیٹر ہارون اقبال کے علاوہ جہلم سے صحافی کمیونٹی کے افراد اور متعدد طلباوطالبات نے تقریب میں شرکت کی۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی یاد میں عامر کیانی، ادریس اعزاز اور پروفیسر جلیل عالی نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر اقبال حسین خان نے کہا کہ نوجوانوں نسل کو بانئ پاکستان محمد علی جناح کی سوچ و فکر سے اگا کرنا ہمارے تعلیمی اداروں کی ترجیحات میں شامل ہے