ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے الیکشن کمیشن جہلم کے دفتر کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ممبر صوبائی اسمبلی، ضلعی صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت متعدد مطاہرین نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی کال پر الیکشن کمیشن کے مبینہ طور پر جانبدارانہ رویے کے خلاف جہلم میں بھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
تحریک انصاف کی ضلعی قیادت کی طرف سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا کہ26اپریل کو دن گیارہ بجے الیکشن کمیشن جہلم کے آفس کے باہر پرامن احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
چنانچہ مذکورہ وقت پر بزرگ سیاستدان چوہدری شہباز حسین، پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال،پی ٹی آئی کے ضلعی صدر غلام احمد زمرد جنرل سیکرٹری فراز چوہدری،پی ٹی آئی کے رہنماؤں چوہدری زاہد اختر،چوہدری فوق شیر باز اورچوہدری خاور وجاہت وسیم کے علاوہ کافی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔
اس موقع پر بزرگ سیاستدان چوہدری شہباز حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا جانبدارانہ رویہ شفاف الیکشن کے انعقاد کی راہ میں رکاوٹ ہے،اس لئے ہم احتجاج کر رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن میں غیر جانبدار عہدیداران کو تعینات کیا جائے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی جہلم کی خواتین بھی موجود تھیں،جنہوں نے احتجاجی کتبے اٹھائے ہوئے تھے اور الیکشن کمیشن کے جانبدارانہ رویے کے خلاف نعرے بازی کی اور پی ٹی آئی کے محرف ممبران اسمبلی کو فوری طور پر ڈی سیٹ کرنے کا مطالبہ کیا.
احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے،تاہم اس دوران پولیس کی بھاری نفری موجود رہی تاکہ کسی نا خوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔
قبل ازیں سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پشاور جلسے میں چیف الیکشن کمشنر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر مسلم لیگ ن کا پلانٹڈ ایجنت ہے،اس لئے ہمیں اس پر اعتماد نہیں.