پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کے لئے جہلم پل بند کرنے کی تیاریاں مکمل۔
تحریک انصاف ضلع جہلم کے اہم رہنماوں کی گرفتاری کے لئے فہرستیں تیار۔
انتظامیہ اشارے کی منتظر۔
شہریوں اور مسافروں کے لئے مشکلات درپیش۔
شہری سیاسی محاذ آرائی ختم ہونے کا انتظار کرنے لگے.
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 25مئی کو ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب کے دوسرے اضلاع کی طرح جہلم میں بھی انتظامیہ ہائی الرٹ ہو چکی ہے ۔
جہلم اور گجرات کے درمیان دریائے جہلم پر قائم پل کو بند کرنے کے لئے کنٹینر پہنچا دیئے گئے۔
اسی طرح تحریک انصاف ضلع جہلم کے متحرک لیڈر وں و کارکنان کی گرفتاری کے لئے جہلم پولیس نے فہرستیں تیار کر لی ہیں،اور وہ ہائی کمان کی جانب سے کسی اشارے کے منتظر ہیں۔تاہم ابھی تک ضلع جہلم میں کوئی سیاسی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
دوسری جانب تحریک انصاف ضلع جہلم کے کارکنان و لیڈران نے لانگ مارچ میں شرکت کے لئے اپنا پروگرام ترتیب دے رکھا ہے،جس کے تحت وہ 25مئی کی صبح اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے۔
درٖیں اثناء انتظامیہ کی جانب سے روکے گئے کنٹینر کے ڈرائیور وں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مزدور ہیں اور اپنی روزی کے سلسلے میں سڑک پر سفر کر رہے ہیں،لیکن جہلم انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر انکے کنٹینر روک رکھے ہیں،جس کی وجہ سے کنٹینروں میں موجود سامان بھی خراب ہو جائے گا،اور انہیں پوری اجرت بھی نہیں ملے گی۔
شہریوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی ہیجان برپا ہے،جس کی وجہ سے عام شہری کی روزمرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے،لہذا اس سیاسی محاذ آرائی کوجلد از جلد ختم کیا جائے،تاکہ ملک کے حالات بہتر ہوں اور عام شہری سکھ کا سانس لے سکے۔