چئیرمین ضلع کونسل

چئیرمین ضلع کونسل کی نشست کے لئے کھینچا تانی،نوابزادہ خاندان کی اہمیت بڑھ گئی

میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل جہلم کے چیئرمین ،وائس چیئرمین کے انتخاب کا مرحلہ درپیش، جس کے لئے بلدیاتی نمائندوں کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں ہیں .

میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے چیئرمین کا عہدہ حاصل کرنے کے لئے ن لیگ میں اختلافات برقرار،ہر دو گروپ بھرپور زور آزمائی کر رہے ہیں،گھرمالہ خاندان، اور مہر محمد فیاض گروپ میدان میں ہیں، دونوں گروپ ضلع کونسل کی حکمرانی کا تاج سر پر سجانے کے دعوے کر رہے ہیں.

ذرائع کے مطابق کہ میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے الیکشن کا شیڈول بھی جلد متوقع ہے .

سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم گروپ اور ممبر صوبائی اسمبلی مہر فیاض گروپ نے متوقع انتخابات کے پیش نظر یونین کونسل کے چیئرمینوں سے مشاورت شروع کر دی ہے دونوں گروپوں کی طرف سے ابھی تک ضلع جہلم کی پانچوں میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین کے امیدواران کے حتمی نام سامنے نہیں آئے .

ضلع کونسل جہلم کے لئے چیئرمین یونین کونسل لدھڑ راجہ افراسیاب ، چیئرمین یونین کونسل مدو کالس چوہدری سہیل ظفر ، چیئرمین یونین کونسل بوکن سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری سعید اقبال، اور ضلع کونسل کی کسان نشست سے منتخب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کے جنرل سیکرٹری حافظ اعجاز محمود جنجوعہ اس دوڑ میں شامل ہیں ،سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مسلم لیگ ن کے دو گروپوں مین کھینچا تانی کی وجہ سے تاحال منظر نامہ صاف نہیں لیکن موجودہ صورتحال میں نوابزادہ خاندان جس کی سربراہی نو منتخب ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ مطلوب مہدی کر رہے ہیں ،اس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،گمان ہے کہ ہائی کمان کے حکم پر دونوں گروپ ماضی کی طرح حصہ بقدر جثہ لے کر خاموش ہو جائیں،لیکن اگر اتفاق رائے نہ ہو سکا تو جس گروپ کو نوابزادہ خاندان کی آشیرباد حاصل ہو گی ،ممکن ہے وہی گروپ چئیرمین ضلع کونسل کی نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے.

اپنا تبصرہ بھیجیں