جہلم (عمیر احمد راجہ) ڈاکٹر علی بشیر میڈیکل سپیشلسٹ کی زیر نگرانی فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد۔
مریضوں کے طبی معائنہ کے ساتھ ساتھ لیبارٹری ٹیسٹ و مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
شوگر کے مریضوں کو مفت گلکومیٹر بھی دیئے گئے اور ان کی اس موذی مرض کے حوالے سے آگاہی بھی دی گئی.
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سہارا میڈیکل سینٹر پر جہلم کے مشہور میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر علی بشیر کی زیر نگرانی فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ،جس میں گائناکالوجسٹ ڈاکٹر عاصمہ عثمان اور ڈاکٹر حافظ عدیل افتخار نے سینکڑوں مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کیں۔
فری میڈیکل کیمپ میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات میں میڈیکل چیک اپ، لیب ٹیسٹنگ، تفتیش، ماہر ڈاکٹروں سے کولیسٹرول، بلڈ سی پی اور یورک ایسڈ سمیت مختلف ٹیسٹ کئے گئے اور مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ طبی ٹیموں کی جانب سے دیگر طبی امداد کے ساتھ ساتھ صحت سے متعلق آگاہی لیکچرز بھی دیئے گئے۔
اس موقع پر میڈیکل کیمپ میں چیک اپ کے لئے آنے والے مریضوں نے ڈاکٹر علی بشیر اور ان کی ٹیم کی فلاحی خدمات کو سراہا،شہریوں کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی کثیر تعداد اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے،جس کی وجہ سے وہ علاج معالجے کی بروقت اور بہترسہولیات حاصل کرنے سے قاصر ہیں،اس لئے فری میڈیکل کیمپ ایسے مریضوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ڈاکٹر علی بشیر اور ان کی ٹیم نے دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔اس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے،ہم ان کے لئے دعا کرتے ہیں کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کی فلاحی خدمات کے ذریعے غریب اور نادار طبقے کو مفت میڈیکل سہولیات فراہم کرتے رہیں۔
دن بھر سینکڑوں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے بعد یہ مفت میڈیکل کیمپ بخوبی اپنے اختتام کو پہنچا.