ڈرگ ایکٹ

ڈرگ ایکٹ کے خلاف ہڑتال،ادویات ناپید،مریض در بدر

جہلم لائیو( ہیلتھ ڈیسک) جہلم ڈرگ ایکٹ ترمیمی بل کے خلاف میڈیکل سٹوراور ڈسٹری بیوٹرز سمیت تمام دیسی و ہربل میڈیکل ، یونانی و ہومیو پیتھک سٹورز کی ہڑتال تیسرے روز میں داخل .
مریض رل گئے پرائیویٹ ہسپتالوں کے آپریشن ملتوی، حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کی طرح جہلم میں بھی میڈیکل سٹورز کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی جبکہ سول ہسپتال جہلم سمیت تحصیل بھر کے گردو نواح میں رورل ہیلتھ سنٹر ز میں ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریض سخت اذیت کا شکار رہے، پرائیویٹ ہسپتالوں میں متعد د مریضوں کے آپریشن ادویات کی عدم دستیابی کیوجہ سے ملتوی ہو گئے جبکہ حکومتی اور انتظامی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہسپتالوں میں بلڈ پریشر اور شوگر کے مریضوں کو ادویات کی عدم دستیابی پر مریض سخت پریشانی کا شکار ہیں۔

میڈیکل سٹور مالکان نے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کر رکھا ہے ضلع بھرمیں 3 سو56 کے قریب میڈیکل سٹورز بند ہونے سے مریضوں کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا جبکہ سول ہسپتال جہلم میں مریضوں کو تمام ادویات کی فراہمی کی جا رہی ہیں ، جہلم شہر کی عوامی، سماجی ، رفاعی ، مذہبی ، فلاحی ، رفاعی تنظیموں کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ سے مطالبہ کیا ہے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مریضوں کو ادویات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں