ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی انتظامیہ نے مریضوں کی جانوں سے کھیلنے کا منصوبہ بنا لیا

جہلم لائیو(عمیر احمد راجہ) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی انتظامیہ نے مریضوں کی جانوں سے کھیلنے کا منصوبہ بنا لیا.

سٹی سکین مشین او پی ڈی میں نصب کرنے پرغور شروع.

خطرناک شعاعوں سے مریضوں کی صحت پر برا اثر پڑنے کا اندیشہ ،ماہرڈاکٹروں نے مذکورہ منصوبے کو مریضوں کیلئے خطرہ قرار دے دیا.

ہسپتال انتظامیہ سٹی سکین مشین کو او پی ڈی میں نصب کرنے پر بضد،ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں میں سرد جنگ جاری،شہریوں نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا.

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب کی جانب سے سٹی سکین مشین منظور ہو چکی ہے جس کو انتظامیہ ہسپتال کے اندرونی حصے او پی ڈی میں نصب کروانا چاہتی ہے اس پر انتظامیہ اور ڈاکٹروں کے درمیان سرد جنگ جاری ہے .

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ نے او پی ڈی میں جس جگہ کا انتخاب کیا ہے وہاں سے سٹی سکین مشین کی خطرناک شعاعیں براہ راست گائنی او پی ڈی میں آئی حاملہ خواتین اور انکے بچوں کیلئے سخت نقصان دہ ہیں ، ڈاکٹر حضرات کاموقف ہے کہ مذکورہ مشین کی خطرناک شعاعیں دو سو میٹر تک براہ راست مریضوں کو متاثر کرتی ہیں ،انتظامیہ اسے گائنی کے سامنے نصب کرناچاہتی ہے ،جس سے خواتین مریض اور نوزائیدہ بچے صحت مند ہونے کی بجائے مزید بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں،لہذا اسے ہسپتال کے اندرونی حصے کی بجائے بیرونی حصے میں نصب کیا جائے تاکہ سٹی سکین کی شعاعوں سے مریضوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے ،جبکہ ہسپتال انتظامیہ مشین کو او پی ڈی میں نصب کرنے پر بضد نظر آرہی ہے، اور انتظامیہ کی ہٹ دھرمی مریضوں اور نوزائیدہ بچوں کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتی ہے .

دریں اثناء شہریوں نے محکمہ صحت اور اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹی سکین مشین کو جوکہ ابھی نصب نہیں ہوئی اسکو او پی ڈی سے دور کسی ایسی جگہ پر لگایا جائے جہاں پر لوگوں کی کم سے کم آمدو رفت ہو۔موقف جاننے کیلئے جب ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد محمود سے رابطہ کیا تو انہوں نے ٹیلی فون اٹینڈ نہیں کیا اگر وہ اپنا موقف دینا چاہتے ہیں تو ادارہ من عن شائع کریگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں