ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیرصدارت کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر افتخار شیرازی اور مسیحی برادری کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مسیحی برادری کے نمائندوں سے ان کے مسائل سنے اور ان کو فوراً حل کرنے کی یقین دہانی کرائی.
انہوں نے کہا ہے کہ کرسمس کے حوالے سے سیکیورٹی اور صفائی کے جامع انتظامات کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،
مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی سہولت کیلئے چاروں تحصیلوں میں ان کے مسائل کے حل کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی گورنمنٹ کی ہدایات کے مطابق کرسمس بازار کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں پولیس کی طرف سے سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ تمام چرچوں اور مسیحی قبرستانوں کی صفائی یقینی بنائی جائے اور وہاں سے گزرنے والے سیوریج نالوں کی بھی صفائی کروائی جائے۔
انہوں نے محکمہ پولیس کو بھی ہدایت کی کہ ضلع بھر میں چرچوں کی سکیورٹی کیلئے جامع سکیورٹی پلان وضع کیا جائے ، ریسکیو1122، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ بھی متعلقہ افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا کر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرے۔