ڈی پی او جہلم دو ماہ بعد تبدیل۔
جہلم میں پولیس آفیسر بار بار تبدیل کرنے کی روایات برقرار۔
موجودہ ڈی پی او کو سنٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایات۔
ڈاکٹر فہد نئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تعینات۔
تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ سے جہلم میں ضلعی پولیس آفیسر کی سیٹ تجربات کی زد میں ہے۔
ایک پولیس آفیسر کو تعینات کیا جاتا ہے ،پھر ایک یا دو ماہ بعد اس کو تبدیل کر دیا دیا جاتا ہے۔
ایسا کیوں ہو رہا ہے،اس کی کوئی ٹھوس وجہ تو سامنے نہیں آئی،لیکن تازہ واقعہ میں موجودہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کیپٹن عامر نیازی کو دو ماہ بعد ہی ٹرانسفر لیٹر مل گیا۔
کیپٹن عامر نیازی کو سنٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،
انہیں جون 2022میں جہلم میں تعینات کیا گیا تھا،تاہم ان دو ماہ میں ضلع بھر میں جرائم کی رفتار تیز رہی،آئے روز چوری، ڈکیتی اور منشیات فروشی کے واقعات مسلسل رونما ہوتے رہے۔
ان سے قبل ڈی پی او جہلم محض 27 دنوں بعد تبدیل کر دیئے گئے تھے.
اب ڈاکٹر فہد احمد کو ڈی پی او جہلم تعینات کیا گیا ہے۔
ان کا بنیادی پے سکیل 18ہے، اور وہ نئی تعیناتی کے انتظار میں تھے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈی پی او جہلم کی سیٹ کو بیوروکریسی نے ایک تجربہ گاہ بنا دیا ہے،ایک پولیس آفیسر کو آزمائشی طور پر یہاں تعینات کیا جاتا ہے،اور ابھی اس تجربہ گاہ میں متعلقہ افسر کی مکمل آزمائش نہیں ہوتی تو اسے تبدیل کر دیا جاتا ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ جہلم میں جرائم کی رفتاربڑھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کوئی ڈی پی او یہاں دو ماہ سے زیادہ ٹھہرتا نہیں،اس لئے کئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ایڈمنسٹریشن برانچ پنجاب اور اعلیٖ حکام سے اپیل ہے کہ یہاں کم ازکم ایک سال کے لئے ضلعی افسر تعینات کیا جائے تاکہ وہ تمام امور کی ذمہ داری لے سکے اور اس کی کارکردگی بھی سامنے آ سکے۔