مولانا امیر محمد اکرم اعوان

گناہ کر کے اُسے تقدیر کے ذمہ ڈالنا درست نہیں۔مولانا امیر محمد اکرم اعوان

جہلم لائیو(پریس ریلیز):تقدیر انسان کو مجبور نہیں کرتی ۔تقدیر علمِ الٰہی کا نام ہے ۔اللہ کریم نے ہر ایک کو اختیار دیا ہے کہ چاہے تو شکر کا راستہ اختیار کرے یا ناشکری کا اسی پر جزا و سزا ہوگی ۔اگر تقدیر گناہ کرنے پر انسان کو مجبور کر رہی ہے تو پھر انسان کو گناہ پر سزا کس بات کی دی جائے گی۔اللہ کریم کے علم میں ہے کہ فلاں ایسا کرے گا کرتا بندہ اپنے اختیار سے ہے تقدیر صرف علمِ الٰہی کا نام ہے ۔ان خیالات کا اظہار شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ مولانا امیر محمد اکرم اعوان جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ شیطان کا آج کا سب سے بڑا ہتھیار یہ ہے کہ مسلمانوں میں فساد کو پھیلایا جائے
ایک حدیث شریف کی شرح بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے اندازہ کرلیں ہر لمحہ مسلمان آپس میں جھگڑا کر رہے ہیں۔سیاستدان آپس میں جھگڑ رہے ہیں ،بھائی ،بھائی سے جھگڑا کر رہا ہے ،بیٹا باپ سے جھگڑ رہا ہے ۔بیوی شوہر سے جھگڑا کر رہی ہے کہیں کوئی شعبہ ایسانہیں جہاں فساد نہیں ہو رہا یہ شیطان کا آج کے دور کا ایک ہتھیار ہے جو وہ استعمال کر رہا ہے ہمیں اس کے بارے سوچنا چاہیے
شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ مولانا امیر محمد اکرم اعوان نے مزید کہا کہ ایک مسلمان کے ساتھ ایک فرشتہ ہوتا ہے اور ایک شیطان ۔فرشتہ بندہ کو نیکی اور بھلائی کی طرف بلاتا ہے جبکہ شیطان برائی اور گناہ کے لیے مشورہ دیتا ہے اب بندہ کے اپنے اختیار میں ہے کہ وہ کس کی بات پر عمل کرتا ہے اللہ کریم ہمیں صحیح شعور عطا فرمائیں اور اپنی زندگیوں کو اسلام کے مطابق گزارنے کی توفیق عطا فرمائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں