یوم پاکستان

یوم پاکستان کے حوالے سے تصویری نمائش کا افتتاح

جہلم لائیو( ڈسٹرکٹ رپورٹر )23مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ،محکمہ تعلقات عامہ اور راولپنڈی آرٹس کونسل کے تعاون سے ’’ پاکستان کی کہانی تصاویر کی زبانی‘‘ کے عنوان کے تحت پاکستان کے قیام کے بعد ہجرت ، مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم اور قائد اعظم کی 100 نادر تصاویرکی نمائش ضلع کونسل ہال کچہری میں منعقدہ ہوئی.

اس نمائش کا افتتاح ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے کیا ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل سجاداحمد ، اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر عثمان احمد سندھوبھی ان کے ہمراہ تھے۔نمائش کے بعد ضلع کونسل ہال میں 23مارچ کے حوالے سیمینار منعقدہ کیا گیا.

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے،ڈی سی اقبال حسین خان نے کہاکہ قیام پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے اور اپنا گھر بار چھوڑ کر وطن پاک میں ہجرت کرنے پوری قوم کے ہیرو اور محسن ہیں کیونکہ آزادی کی نعمت ان کی بے لوث عظیم قربانیوں کے بغیر ممکن نہ تھی۔

انہوں نے کہاکہ پوری قوم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو بھی ان کی انتھک محنت اور قائدانہ صلاحیتیوں کی وجہ سے خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنھوں نے تمام مشکلات کے باوجود کمال جراٗت ، بہادری اور دانشمندی کا مظاہرہ کرکے قیام پاکستان کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

اس موقع پر جہلم کے سکول و کالجوں سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اقبال حسین خان نے کہاکہ قیام پاکستان کے وقت کا جذبہ بیدار کرکے ہی ہم ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں اور ملک کو درپیش مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اللہ کی عنایت ہے اور ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا ثمر ہے جن کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم آزادی کی قدر کریں۔

اس موقع پر عثمان احمد سندھو نے کہاکہ پاکستان تاقیامت قائم رہنے کیلئے بنا ہے اور ملک کو درپیش مسائل عارضی ہیں کیونکہ پاکستانی قوم ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں ہم ترقی کا راہ کا راستہ تلاش کر سکتے ہیں کیونکہ قائد اعظم سے زیادہ سچا اور کھرا لیڈر کوئی نہیں ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل سجاد احمد نے کہاکہ نمائش کا مقصد نوجوان نسل کو پاکستان کے قیام کیلئے دی گئی قربانیوں سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’پاکستان کی کہانی تصاویر کی زبانی‘‘ ہمت ، حوصلہ اور بہادری کی داستان ہے اور یہ پوری قوم کا مشترکہ ورثہ ہیں جس کی خفاظت ہم ملک کے ساتھ اخلاص اور وفاداری ہی سے کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں