جہلم لائیو( ہیلتھ ڈیسک) جہلم سول ہسپتال کا میڈیکل سپرٹنڈنٹ تبدیل ، ملازمین کی ایک بار پھر موجیں ،شہری ذلیل و خوار ہونے لگے ،ایم ایس کا کمرہ مک مکا کے اڈے میں تبدیل ہونے کا انکشاف ، شہریوں کا سابق ایم ایس کو دوبارہ تعینات کرنے کا مطالبہ.
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں تعینات ہونے والے فرض شناس ، ایماندار ،محنتی اور خوش اخلاق میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر میاں مظہر حیات کو سول ہسپتال جہلم میں ایس ایم او تعینات کرنے کے تحریری احکامات جاری ہو چکے ہیں ، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے سول ہسپتال جہلم کے سابق ایم ایس ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے گزشتہ روز چارج چھوڑ دیا، اس طرح گزشتہ روز ایک بار پھر سول ہسپتال کا نظم و ضبط بری طرح متاثر ہونا شروع ہوگیا، ملازمین حسب سابق ٹولیوں کی شکل میں ادھر اُدھر گھومتے نظر آئے جبکہ دوردراز سے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین علاج معالجہ کی خاطر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہو چکے ہیں ۔
سول ہسپتال جہلم میں موجود مریضوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2 روز قبل تک سول ہسپتال جہلم میں تمام عملہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اپنی اپنی نشستوں پر موجود ہوتا تھا، جبکہ آج ہسپتال آنے پر معلوم ہوا ہے کہ میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر میاں مظہر حیات کو تبدیل کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ملازمین کی ایک مرتبہ پھر موجیں شروع ہو گئیں ہیں ۔ کیونکہ نئے تعینات ہونے والے میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر اطہر شبیر انتہائی شریف انسان ہیں ۔ان کی شرافت کی وجہ سے سول ہسپتال جہلم میں ہڈی جوڑ توڑ مافیا اپنا ساز و سامان لیکر ہسپتال کے احاطہ میں پہنچ چکا ہے ، جبکہ بے گناہ شہریوں کے خلاف میڈیکو لیگل رپورٹس کے دور کا بھی آغاذہو چکاہے ۔ قابل زکر بات یہ ہے کہ ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں سے آنے والے سینکڑوں مریض سول ہسپتال میں نظم و ضبط نہ ہونے کی وجہ سے سارا دن پریشان دکھائی دیے .
اس حوالے سے شہریوں نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلیمان رفیق ، سیکرٹری ہیلتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق ایم ایس ڈاکٹر میاں مظہر حیات کو دوبارہ سول ہسپتال جہلم کا میڈیکل سپرٹنڈنٹ تعینات کرنے کے تحریری احکامات جاری کئے جائیں تاکہ ضلع جہلم کے سب سے بڑے ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ اور ادویات کی سہولت میسر آسکے اور ہسپتال کا نظم و ضبط دوبارہ سے بحال ہو سکے۔موقف جاننے کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر تفسیر گوندل سے رابطہ کیا گیا توانہوں نے کہا کہ جن مریضوں کو ادویات نہیں مل سکیں میری سمجھ سے بالا تر ہے ، آج چونکہ ڈاکٹر اطہرشبیر کا بطور ایم ایس پہلا دن تھا، اس لئے چھوٹی موٹی کوتاہی ہو گئی ہوگی،آج سے کسی بھی مریض کو اگر کوئی شکایت ہو تو اسے چاہیے کہ زبانی یا تحریری طور پر ایم ایس سول ہسپتال جہلم کو آگاہ کریں تاکہ فوری سد باب ہو سکے۔