جہلمی سیاست دانوں کے من پسند گیت تحریر: محمد امجد بٹ

یہ سیاست بھی بڑی عجیب شے ہے بڑے بڑوں کو گھمنڈی بنا دیتی ہے اور بڑے بڑوں کا گھمنڈ نکال دیتی ہے۔گھمنڈی سیاست کے پروردہ تاج و تخت کے نشے میں اتنے بد مست ہو جاتے ہیں کہ ’’ بد مست ہاتھی ‘‘ بھی انکے سامنے شرمندہ نظر آتے ہیں۔جب یہ مسند اقتدار پر براجمان ہوتے ہیں تو انکے کا ن عوامی مسائل سننے سے عاری،انکی آنکھیں بد تر حالات دیکھنے سے اندھی،زبان سچ بولنے سے گنگ،دماغ سوچ سے ماورا، سوچ اپنی ذات میں مگن اور عقل ۔۔۔وہ ہوتی تو پھرگھمنڈکس بات کا۔جب یہ گھمنڈی سیاسی مسند اقتدار سے دھڑام نیچے گرتے ہیں تو پھر انکے کا نوں کو ماسوائے عوامی مطالبات و مسائل سننے کے اور کوئی راگ اچھا نہیں لگتا۔انکی آنکھیں ہمہ وقت عوام پر جمی رہتی ہیں،زبان سے صرف اپنی’’ خادمیت ‘‘ کے راگ الاپے جاتے ہیں،دماغ میں صرف دوبارہ حصول اقتدار کے خواب گھومتے ہیں مگر عقل کا استعمال پھر بھی نہیں کرتے۔جوں جوں انتخابات کا وقت قریب آتا ہے گھمنڈی سیاست کے پروردی عوامی عدالتوں میں پیش ہونے کے نت نئے بہانے اور چالیں سو چنے میں مگن ہو جاتے ہیں۔اگر یہ لوگ یا انکے پیش رو اپنی سیاست کو ذاتی مفادات کی نظر نہ کریں نہ تو یہ عوام کی نظروں سے گریں اور نہ ہی عوام ان سے نظر یں چرائے۔آج کل بہت سے سیاست دان جو اپنے گھروں میں لگے قد آور آئینوں کے سامنے شیروانیاں اور واسکٹیں پہن کر عوامی اجتماعات سے اپنے خطابات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔اور بعض عوامی عدالت کے فیصلوں میں شرمندگی سی بچنے کے لئے رونے دھونے کی اداکاریاں سیکھ رہے ہیں جہلم کے سیاست دان بھی کسی سے کم نہیں وہ بھی آج کل ’’ اقتداری راگ ‘‘ سیکھنے اور الاپنے میں مگن نظر آتے ہیں ان سیاست دانوں میں سے چند ایک کے وہ گیت جو آج کل شاید وہ گنگنا رہے ہیں آپکی نظر کرتے ہیں۔
راجہ محمد افضل خان سابق سینیٹر و ممبر قومی اسمبلی
’’ ہم بھی پڑے ہیں راہوں میں کوئی ہمیں آواز تو دے ‘‘
چوہدری فرخ الطاف سابق ضلع ناظم
’’واجاں ماریاں بلایا کئی وار میں ،کسے نے میری گل نہ سنی‘‘
چوہدری ثقلین سابق ممبر صوبائی اسمبلی
’’ سجناں اے محفل اساں تیرے لئی سجائی اے‘‘
چوہدری خادم حسین ممبر قومی اسمبلی
’’ دنیا کی محفلوں سے اکتا گیا ہوں یارب ‘‘
چوہدری ندیم خادم سابق ایم پی اے
’’ بوہے باریاں نالے کندھاں ٹپ کے آواں گی ہوا بن کے ‘‘
نوابزادہ مطلوب مہدی ممبر قومی اسمبلی
’’ بنے چاہے دشمن زمانہ ہمارا سلامت رہے دوستانہ ہمارا ‘‘
مہر محمد فیاض ممبر صوبائی اسمبلی
’’ ہم تم ہوں گے بادل ہو گا رقص میں سارا جنگل ہو گا‘‘
چوہدری لال حسین ممبر صوبائی اسمبلی
’’ سانوں ’’ گھان ‘‘والے پل تے بلا کے تے سوہنا ماہی کتھے رہ گیا ‘‘
چوہدری نذر حسین گوندل ممبر صوبائی اسمبلی
’’ ہمارے دل سے مت کھیلو کھلونا ٹوٹ جائے گا‘‘
راجہ اویس خالد ایم پی اے
’’چیرے والیا ویکھد ا�آئی وے میرا لونگ گواچا نگاہ مارد�آئی وے میرا لونگ گواچا‘‘
محمود مرزا جہلمی سابق امیدوار
’’لگتا نہیں ہے دل میرا اجڑے دیار میں کس کی بنی ہے عالم ناپائیدار میں‘‘
چوہدری فواد حسین سابق امیدوار
’’ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے ،بہت نکلے میرے ارماں پھر بھی کم نکلے‘‘
پیارے پڑھنے والو ! سیاسی موسیقی سننے کا وقت قریب آ رہا ہے میں نے قبل از وقت اس بے سری موسیقی سے آپکی سمع خراشی کی جسکے لئے پیشگی معذرت خواہ ہوں۔کوشش کریں کہ جو موسیقی آپکے دل کو اچھی لگے وہ سنیں تاکہ اطمینان قلب حاصل ہو۔بے سری موسیقی اور موسیقار کی پسند اور نا پسند آپکی حسب منشاء ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں