پاک آرمی کے تربیتی طیارہ میں فنی خرابی،پائلٹ اور طیارہ محفوظ رہے

جہلم لائیو (چوہدری سہیل عزیز)دینہ کے قریب پاک آرمی کا تربیتی طیارہ فنی خرابی کے باعث گر گیا ، طیارہ میں سوار لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن بلکل محفوظ رہے اطلاع ملتے ہی ایم پی اے مہر محمد فیاض، پاک آرمی کے اعلی افسران ، ایس ایچ او تھانہ منگلا اپنی بھاری نفری کے ہمراہ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جگہ کو گھیرے میں لے لیا،پائلٹ نے انجن کی خرابی کا پتہ چلتے ہی طیارہ کا رخ آبادی سے موڑ کر گنجان آباد علاقہ کی طرف کر دیا اور بڑی مہارت سے طیارہ کو نچلی پرواز پر لاکر چھلانگ لگا کر اپنی اور اہل علاقہ کی جانیں بچا لیں۔تفصیلات کے مطابق منگلا ایئر بیس سے اُڑنے والا تربیتی طیارہ مشاک 352 جو کہ معمول کی پرواز پر تھا کہ اچانک انجن میں خرابی پیدا ہو گئی جس میں لیفٹیننٹ کرنل فضل حسین اور کیپٹن آفان سوار تھے ان کو پتہ چلا تو انہوں نے دیکھا کہ طیارہ واپس ایئر بیس پر نہیں پہنچ سکتا انہوں نے عقلمندی کا مظا ہرہ کرتے ہوئے اس کارخ آبادی سے موڑ کر گنجان آباد علاقہ دینہ ہرل کی طرف کر دیا اور طیارہ کو بڑی مہارت کے ساتھ نچلی پرواز پر لا کر کھیتوں میں چھلانگ لگا دی جس کی بدولت طیارہ میں سوار لیفٹیننٹ کرنل فضل حسین اور کیپٹن آفان نہ صرف خود محفوظ رہے بلکہ انہوں نے طیارہ کو آبادی پر گرنے سے بچا لیا اور طیارہ بھی گرنے کے باوجود محفوظ رہا اور اس کا زیادہ نقصان نہ ہوا ۔طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ایم پی اے مہرمحمد فیاض ، آرمی کے افسران ،ضلعی انتظامیہ کے افسران ،امدادی ٹیمیں اور ایس ایچ او تھانہ منگلا طارق بن عزیز موقع پر پہنچ گئے ،اہل علاقہ نے پائلٹ کی مہارت کو سراہا اور کہا کہ پائلٹ نے اپنی دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے طیارہ کو آبادی پر گرنے سے بچا لیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں