تھانہ دینہ کے سامنے سرکس کی آڑ میں جوا ء جاری

جہلم لائیو( نمائندہ خصوصی) جہلم صدر سرکل تھانہ دینہ کے سامنے سرکس کی آڑ میں جواء اور فحاشی کے پروگرام جاری ،ارباب اختیار نے آنکھیں موند لیں،لاکھوں ، کروڑوں روپے روزانہ کی بنیاد پر جوئے کی نظر ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق صدر سرکل تھانہ دینہ کے سامنے قائم جوئے کے اڈے کو ایک سال مکمل ہو گیاہے ۔اس جوئے خانے کو ختم کرانے کیلئے تمام قانونی ادارے بے بس دکھائی دیتے ہیں ،ضلعی پولیس گلی محلوں میں جواء کھیلنے والے جواریوں کو پکڑ کر ان کیخلاف مقدمات درج کرتی ہے،جبکہ دوسری جانب تھانہ دینہ کے بالمقابل جوئے کا باضابطہ دھندہ جاری ہے ، جہاں شام ہوتے ہی درجنوں کی تعداد میں میرپور، گجرخان، راولپنڈی، چکوال، جہلم ، سرائے عالمگیر ، گجرات، منڈی بہاوالدین کے جواری لگژری گاڑیوں میں سوار ہو کر آتے ہیں ، اور روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں ، کروڑوں کا جواء کھیلا جاتا ہے ، جنہیں نامعلوم قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے ، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ نا معلوم وجوہات کی بنیاد پر ضلعی پولیس با اثر جواریوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ شہریوں کے بارہا احتجاج اور تحریری شکایات کے باوجود انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ، جس کی وجہ سے جہلم ، دینہ ، سرائے عالمگیر، کے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں ، عوامی سماجی، رفاعی ، فلاحی ، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم کے شہریوں پر رحم کیا جائے اوربرلب جی ٹی روڈ قائم ہونے والے جواء خانے کے خاتمے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہریوں کی جمع پونجی کے ساتھ ساتھ شہر کی نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں