سوالات

صحافت سے متعلق چند سوالات

سوال یہ ہے کہ صحافت اور صحافی کی تعریف کیا ہے اور ان کی حدود کا تعین کون کرے گا.

سوال یہ ہے کہ جہلم کے نواحی گاؤں کے گرلز ہائی سکول کی ہیڈ مسٹریس سے اپنی مدد آپ کے تحت ہونے والے تعمیراتی کام کاحساب مانگنے والے ،پھر اسے بزعم خودخورد برد قرار دے کررقم کا تقاضا کرنے والے اور رقم نہ ملنے کی وجہ سے اپنے ہتھیار یعنی مقامی اخبار میں اس خاتون استاد کے خلاف غیر اخلاقی اور ہتک آمیز الفاظ لکھوانے والے نام نہاد صحافیوں سے باز پرس کون کرے گا.

سوال یہ ہے کہ جس ہیڈمسٹریس خاتون نے ان ٹھگوں کے سامنے جھکنے سے انکار کیا،مسلسل ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی رہی لیکن اخبار میں غیر اخلاقی الفاظ پڑھ کر اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر گھر بیٹھ گئی اس خاتون کا مجرم کون ہے،

سوال یہ ہے کہ ان نام نہاد صحافیوں کی تعلیمی قابلیت اور سماجی پس منظر کون چیک کرے گا جو آئے روز اپنی جیبوں میں پریس کارڈ لئے ہوئے ایک موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کسی سرکاری ادارے میں جا دھمکتے ہیں،خود عدالت،پولیس،اینٹی کرپشن،ایف آئی اے اور نیب کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے فیصلہ صادر کرتے ہیں،ایک بڑی رقم کا مطالبہ کرتے ہیں،اگر مخاطب متاثر نہ ہو تو صرف پٹرول ڈلوانے کے لئے پیسے مانگ لیتے ہیں،

سوال یہ ہے کہ کسی گناہ گار سے صرف اس لئے آنکھیں پھیر لی جائیں کہ وہ صحافت کر لبادہ اوڑھ کر نقب زنی اور جیب تراشی کرتا ہے،

سوال یہ ہے کہ صحافتی اخلاقیات نام کی بھی کوئی چیز ہے،

اور سوال یہ ہے کہ کیاصحافت کوئی قبیلہ ہے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں