سوشل میڈیا پر آن لائن شاپنگ کے نام پر دھوکہ دہی جاری

جہلم لائیو(عمیر احمد راجہ):نوسرباز گروہ کا سوشل میڈیا پر عوام کو بیوقوف بنانے کا سلسلہ جاری،ملک کی بڑی کورئیر کمپنی مکروہ دھندے کی سرپرستی کرنے لگی،قانون نافذ کرنے والے ادارے مافیا کے سامنے بے بس،شہریوں نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق کے مطابق جہلم کے رہائشی مظفر امین نے جہلم لائیو کو بتایا کہ چندروز قبل نجی کورئیر کمپنی کا ایک نمائندہ میرے گھر میں ایک پارسل لے کر آیا جسکا بکنگ نمبر 772321203853
جو کہ دانی انٹرپرائزز کراچی کی طرف سے بھجوایا گیا تھا مذکورہ ادارے نے سوشل میڈیا پر دھوکہ بازی کا بازار سرگرم کر رکھا ہے اور اسکی عوام سے وصولی مذکورہ کورئیر کمپنی کے ذریعے کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر فیشن کلیکشن نامی آئی ڈی نے اعلی کوالٹی کے ملبوسات و دیگر اشیاء کی فروخت کا عوام کو دھوکہ دے رکھا ہے اور اسکی معاونت کورئیر کمپنی کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے سوشل میڈیا سے معلومات حاصل کر کے چند روز اسی ادارے کو سلیپنگ سوٹ کا آرڈر دیا تھا جو کہ 14 جون 2017 کو دانی کلیکشن پلاٹ نمبر SA۔46 سیکٹر L / 10 اورنگی ٹاون کراچی سے بک کیا گیا تھا،کورئیر سلپ کے مطابق سوٹ سرخ اور پیچ رنگ کے تھے جو کہ ہمارے آرڈر کے مطابق تھے لیکن جب پارسل کو کھولا گیا تو اس میں سوٹ کے رنگ ہمارے آرڈر کے مطابق نہ تھے اور کپڑا بھی انتہائی غیر معیاری تھا کورئیر کمپنی کے نمائندے کو جب پارسل واپس لے جانے کا کہا تو ڈلیوری مین نے میری غیر موجودگی میں میرے گھر والوں کو شدید ذہنی کوفت سے دوچار کیا اور پیسے نہ دینے کی صورت میں دھمکیاں دینا شروع کر دیں، جس پر میری اہلیہ نے ڈر کر پیسے دے دیئے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر دھوکہ بازی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کریں تاکہ لوگوں کو لوٹنے والے افراد سادہ لوح عوام کو دھوکہ نہ دیں سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں